Arca da aliança
A Arca da Aliança era o símbolo mais sagrado de Israel — representava a presença de Deus no meio do seu povo. Sobre ela brilhava a glória do Senhor entre os querubins.
"اَور وہ کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اَور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ اَور اُس کے اَندر اَور باہر تُم خالص سونا منڈھنا اَور اُس کے اُوپر سجاوٹ کے لیٔے سونے کا بنا ہُوا کلس لگانا۔ اَور اُس کے لیٔے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا، دو کڑے ایک طرف ہوں اَور دُوسری طرف بھی دو۔ اَور پھر کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔ اَور وہ بَلّیاں صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق کو اُٹھایا جائے۔ اَور وہ بَلّیاں اُس صندُوق کے کڑوں میں ہی رہیں۔ اُن کو الگ نہ کیا جائے۔ پھر تُم اُس شہادت نامہ کو جو میں تُمہیں دُوں گا اُس عہد کی تختیوں کو صندُوق میں رکھنا۔
"اَور تُم کفّارہ کا سرپوش خالص سونے کا بنانا جو ڈھائی ہاتھ لمبا اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا ہو۔ اَور سرپوش کے دونوں کونوں پر سونے سے گڑھے ہویٔے دو کروبیم بنانا۔ اَور ایک کروب کو ایک سِرے پر اَور دُوسرے کروب کو دُوسرے پر لگانا اَور تُم دونوں سِروں کے کروبیم اَور سرپوش کو ایک ہی ٹکڑے سے بنانا۔ اَور کروبیم کے پر اُوپر کی طرف اِس طرح پھیلے ہویٔے ہُوں کہ وہ سرپوش کو ڈھانکے رہیں۔ اَور کروبیم کے چہرے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے سرپوش کی طرف ہُوں۔ اَور تُم اُس سرپوش کو اُس صندُوق کے اُوپر لگانا اَور وہ عہد کی تختیاں جو میں تُمہیں دُوں گا اُس صندُوق کے اَندر رکھنا۔
وہاں عہد کے صندُوق پر سرپوش کے اُوپر دونوں کروبیم کے درمیان تُم سے مِلا کروں گا اَور بنی اِسرائیل کے لیٔے اَپنے تمام اَحکام تُمہیں دیا کروں گا۔
اَور بصل ایل نے وہ صندُوق کیکر کی لکڑی کا بنایا۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اَور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: "پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو تُم مَسکن کا خیمہ اِجتماع کھڑا کردینا۔ اَور اُس میں عہد کا صندُوق رکھ دینا اَور اُس کی حِفاظت کے لیٔے بیچ کا پردہ کھینچ دینا۔
اُنہُوں نے شہادت کی تختیوں کو لے کر صندُوق میں رکھ دیا اَور بَلّیوں کو صندُوق میں لگا دیا اَور کفّارے کے سرپوش کو اُس کے اُوپر ٹِکا دیا۔ اَور پھر مَوشہ اُس صندُوق کو مَسکن میں لائے اَور بیچ کے پردہ کو لگا کر عہد کے صندُوق کو محفوظ کر دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
جَب مَوشہ یَاہوِہ سے باتیں کرنے کے لیٔے خیمہ اِجتماع میں داخل ہُوا تو اُس نے کفّارہ کے سرپوش پر سے جو عہد کے صندُوق کے اُوپر رکھا ہُوا تھا دونوں کروبیوں کے درمیان سے وہ آواز سُنی جو اُس سے مُخاطِب تھی اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کے ساتھ باتیں کیں۔
چنانچہ وہ یَاہوِہ کے پہاڑ سے چل پڑے اَور تین دِن تک سفر کرتے رہے اَور اُن تین دِنوں میں یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُن کے قِیام کرنے کے لیٔے جگہ تلاش کرتا ہُوا اُن کے آگے آگے چلتا رہا۔ اَور جَب وہ اَپنی چھاؤنی سے کُوچ کرتے تو یَاہوِہ کا بادل اُن کے اُوپر دِن بھر سایہ کئے رہتا تھا۔
جَب صندُوق کُوچ کرتا تھا تو مَوشہ کہتا تھا،
"اَے یَاہوِہ اُٹھیں!
آپ کے دُشمن پراگندہ ہو جایٔیں؛
اَور آپ کے حریف آپ کے سامنے سے بھاگ جایٔیں۔"
اَور جَب کبھی وہ ٹھہر جاتا تھا تو وہ کہتا تھا،
"اَے یَاہوِہ،
ہزاروں ہزار اِسرائیلیوں میں لَوٹ کر آ جائیں۔"
یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: "بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن کے آبائی قبیلوں کے سرداروں سے فی کس ایک عصا کے حِساب سے بَارہ عصے لیٔے جایٔیں اَور ہر آدمی کا نام اُس کے عصا پر لِکھّا جائے۔ لیوی کے عصا پر اَہرونؔ کا نام لِکھنا کیونکہ ہر آبائی قبیلہ کے سردار کے لیٔے ایک عصا ہوگا اَور اُنہیں خیمہ اِجتماع میں عہد کے صندُوق کے سامنے جہاں میں تُم سے مُلاقات کرتا ہُوں رکھ دیں۔ اَور جِس شخص کو میں چُنوں گا اُس کے عصا میں سے کونپلیں پھوٹ نکلیں گی اَور مَیں بنی اِسرائیل کے تمہارے خِلاف مُتواتر بُڑبُڑانے سے چھُٹکارا پاؤں گا۔"
چنانچہ مَوشہ نے بنی اِسرائیل سے گُفتگو کی اَور اُن کے سرداروں نے ہر آبائی قبیلہ کے سردار کے پیچھے ایک عصا کے حِساب سے بَارہ عصے اُسے دئیے اَور اَہرونؔ کا عصا بھی اُن میں تھا۔ مَوشہ نے سارے عصے لے کر عہد کا خیمہ میں یَاہوِہ کے حُضُور رکھ دئیے۔
دُوسرے دِن جَب مَوشہ عہد کے خیمہ میں داخل ہُوا تو دیکھا کہ اَہرونؔ کے عصا میں جو لیویوں کے خاندان کی نُمائندگی کرتا تھا نہ صِرف کونپلیں پھوٹی ہُوئی تھیں بَلکہ پھُول بھی کھِلے ہویٔے تھے اَور بادام بھی لگے ہویٔے تھے۔ تَب مَوشہ وہ سارے عصے یَاہوِہ کے حُضُور سے نکال کر تمام بنی اِسرائیل کے پاس لے گئے۔ اُنہُوں نے اُنہیں دیکھا اَور ہر آدمی نے اَپنا اَپنا عصا لے لیا۔
یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، "اَہرونؔ کے عصا کو عہد کے صندُوق کے آگے پھر رکھ دیں تاکہ وہ اُن باغیوں کے لیٔے ایک نِشان کے طور پر رکھا رہے۔ اِس سے اُن کا میرے خِلاف بُڑبُڑانا ختم ہو جائے گا تاکہ وہ مَر نہ جایٔیں۔" مَوشہ نے ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے اُسے حُکم دیا تھا۔
تَب لوگوں نے یردنؔ کے پار جانے کے لیٔے اَپنی چھاؤنی سے کوچ کیا اَور عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے کاہِنؔ اُن کے آگے آگے ہو لیٔے۔ فصل کے تمام ایّام میں یردنؔ کا پانی اَپنے کناروں سے اُوپر چڑھ کر بہا کرتا ہے۔ پھر بھی جوں ہی صندُوق اُٹھانے والے کاہِنؔ یردنؔ پر پہُنچے اَور اُن کے قدموں نے کنارے کے پانی کو چھُوا، تو جو پانی اُوپر کی طرف سے بہہ کر آ رہاتھا وہ بہت دُور آدمؔ کے شہر کے پاس جو ضارِتھانؔ کے پاس ہے رُک کر ایک ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اَورجو پانی نیچے عراباہؔ کے سمُندر یعنی بحرمُردار کی طرف جاتا ہے وہ بالکُل الگ ہو چُکاتھا اَور لوگ عَین یریحوؔ کے مقابل پار اُترگئے۔ اَور جَب تمام اِسرائیلی پار اُتر رہے تھے تو جو کاہِنؔ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے وہ یردنؔ کے درمیان خشک زمین پر ڈٹ کر کھڑے رہے جَب تک کہ ساری قوم خشک زمین پر سے گزر نہ گئی۔
اَور کاہِنؔ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے دریا میں سے نکل آئے اَور جوں ہی اُنہُوں نے اَپنے قدم خشک زمین پر رکھے یردنؔ کا پانی اَپنی جگہ واپس آ گیا اَور پہلے کی طرح اَپنے کناروں کے اُوپر سے بہنے لگا۔
اہلِ یریحوؔ نے بنی اِسرائیل کی وجہ سے شہر کا پھاٹک مضبُوطی سے بند کیا ہُوا تھا۔ نہ کویٔی باہر جاتا اَور نہ کویٔی اَندر آتا تھا۔
تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، "دیکھ، مَیں نے یریحوؔ کو اُس کے بادشاہ اَور زبردست سُورماؤں سمیت تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ تمام مُسلّح مَردوں کو لے کر شہر کے گِرد گشت لگاؤ۔ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہو اَور سات کاہِنؔ صوفار یعنی مینڈھوں کے سینگوں کے سات نرسنگے لیٔے ہُوئے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ ساتویں دِن تُم شہر کے گِرد سات بار گشت لگانا اَور کاہِنؔ اَپنے نرسنگے پھُونکتے رہیں۔ جَب تُم اُنہیں نرسنگوں کو زور سے پھُونکتے سُنو تو سَب لوگ زور سے نعرے لگائیں۔ اُس وقت شہر کی فصیل گِر جائے گی اَور لوگ اُس پر اَپنے اَپنے سامنے سیدھے چڑھ جایٔیں گے۔"
چنانچہ یہوشُعؔ بِن نُونؔ نے کاہِنوں کو بُلاکر اُن سے کہا، "یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھالو اَور سات کاہِنؔ اُس کے آگے آگے نرسنگے لیٔے ہُوئے چلیں۔" اَور اُنہُوں نے لوگوں کو حُکم دیا، "آگے بڑھو اَور شہر کے گِرد گشت لگاؤ اَور مُسلّح مَرد یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔"
پھر نرسنگے پھُونکے گیٔے اَور لوگوں نے للکارنا شروع کیا اَور جَب نرسنگوں کی آواز سُن کر لوگوں نے زور سے للکارا تو دیوار گِر گئی اَور ہر آدمی سیدھا اَندر کی طرف لپکا اَور اُنہُوں نے شہر پر قبضہ کر لیا۔
اَور فلسطینی اِسرائیل کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے صف آرا ہُوئے اَور جَب لڑائی نے زور پکڑا تو اِسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے شِکست کھائی کیونکہ اُن کے تقریباً چار ہزار آدمی میدانِ جنگ میں قتل کر دئیے گیٔے تھے۔ جَب وہ فَوجی سپاہی چھاؤنی میں واپس آئے تو اِسرائیل کے بُزرگوں نے پُوچھا، "آج یَاہوِہ نے ہمیں فلسطینیوں سے شِکست کیوں دِلوائی؟ آؤ ہم یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق شیلوہؔ سے لے آئیں تاکہ وہ ہمارے ساتھ جائے اَور ہمیں ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے بچائیں۔"
لہٰذا اُنہُوں نے شیلوہؔ میں آدمی بھیجے اَور وہ اُس قادرمُطلق یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لے آئے جو کروبیوں کے درمیان تخت نشین ہے۔ اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ وہاں یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے ساتھ تھے۔
اَور جَب یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا تو تمام اِسرائیلیوں نے اِتنے زور سے نعرہ مارا کہ زمین لرز اُٹھی۔ اُس شوروغل کو سُن کر فلسطینیوں نے پُوچھا، "عِبرانیوں کی چھاؤنی میں یہ سَب نعرہ بازی کیسی ہے؟"
اَور جَب اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا ہے تو فلسطینی ڈر گیٔے اَور کہنے لگے، "اُن کی چھاؤنی میں تو ایک معبُود آ گیا ہے۔" مزید کہا "یہ ایک بَلا ہم پر آئی ہے اِس سے پہلے کبھی اَیسا نہیں ہُوا۔ اَب ہماری خیر نہیں! اِن زبردست معبُودوں کے ہاتھ سے ہمیں کون بچائے گا؟ یہ وُہی معبُود ہیں جنہوں نے مِصریوں پر بیابان میں مہلک بَلائیں نازل کیں۔ اَے فلسطینیو! مضبُوط بنو اَور مردانگی کے جوہر دِکھاؤ ورنہ تُم عِبرانیوں کے محکُوم ہو جاؤگے جَیسا کہ وہ اِس وقت تمہارے محکُوم ہیں۔ مردانگی سے کام لو اَور لڑو!"
پس فلسطینی لڑے اَور اِسرائیلیوں نے شِکست کھائی اَور ہر ایک آدمی اَپنے اَپنے خیمہ کی طرف بھاگ نِکلا۔ وہاں بہت بڑی خُونریزی ہُوئی جِس میں اِسرائیل کے تیس ہزار پیادے کام آئے۔ خُدا کا صندُوق اِسرائیل کے ہاتھ سے نکل گیا اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی مارے گیٔے۔
اَور یَاہوِہ کا ہاتھ اشدُودؔ اَور اُس کے گِردونواح کے لوگوں پر بھاری تھا۔ یَاہوِہ نے اُن پر تباہی نازل کر دی اَور اُنہیں گِلٹیوں کی تکلیف (طاعون) میں مُبتلا کر دیا۔ اشدُودؔ کے لوگوں نے جَب یہ حال دیکھا تو کہنے لگے، "اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق یہاں ہمارے پاس ہرگز نہیں رہنا چاہیے کیونکہ اُن کا ہاتھ ہم پر اَور ہمارے معبُود دگونؔ پر بھاری ہے۔" لہٰذا اُنہُوں نے فلسطینیوں کے تمام سرداروں کو بُلاکر جمع کیا اَور پُوچھا، "ہم اِسرائیل کے معبُود کے صندُوق کا کیا کریں؟"
اُنہُوں نے جَواب دیا، "اِسرائیل کے خُدا کا صندُوق گاتؔھ بھجوا دو۔" لہٰذا اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کا صندُوق وہاں مُنتقل کر دیا۔
جَب اُنہُوں نے اُسے مُنتقل کر دیا تو یَاہوِہ کا ہاتھ اُس شہر کے خِلاف اُٹھا اَور وہاں بڑا خوف و ہِراس پھیل گیا اَور یَاہوِہ نے اُس شہر کے لوگوں کو چُھوٹے سے بڑے تک گِلٹیوں کی وَبا میں مُبتلا کر دیا۔ لہٰذا اُنہُوں نے خُدا کے صندُوق کو عقرونؔ بھیج دیا۔
اَور جوں ہی خُدا کے عہد کا صندُوق عقرونؔ میں داخل ہُوا عقرونؔ کے لوگ چِلّانے لگے، "وہ ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو مارنے کے لیٔے اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق اِدھر لایٔے ہیں۔" پس اُنہُوں نے فلسطینیوں کے تمام سرداروں کو بُلاکر جمع کیا اَور کہا، "اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق یہاں سے ہٹا دو اَور اُسے اُس کی اَپنی جگہ پر واپس بھجوا دو ورنہ اُس کی مَوجُودگی ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو مار ڈالے گی۔" وجہ یہ تھی کہ موت نے شہر میں خوف و ہِراس پھیلا دیا تھا اَور خُدا کا ہاتھ اُس شہر پر بہت بھاری تھا۔
جَب یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو فلسطینیوں کے علاقہ میں سات مہینے ہو گئے، تو فلسطینیوں نے کاہِنوں اَور غیب بینوں کو بُلایا اَور کہا، "ہم یَاہوِہ کے اِس صندُوق کا کیا کریں؟ ہمیں بتاؤ کہ اگر اِسے اِس کی جگہ اُس کو واپس کس طریقہ سے بھیجا جائے۔"
اُنہُوں نے جَواب دیا، "اگر تُم اِسرائیل کے معبُود کے صندُوق کو واپس بھیجنا چاہتے ہو تو اِسے خالی نہ بھیجنا بَلکہ اُس کے ساتھ خطا کی قُربانی کے طور پر ہرجانہ بھی ضروُر بھیجنا۔ تَب تُم شفا پاؤگے اَور اُسے جان بھی لوگے ورنہ اُس کا ہاتھ تُم پر بھاری رہے گا۔"
لہٰذا اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا اَور اُسی طرح کی دو گائیں لے کر اُنہیں گاڑی میں جوتا اَور اُن کے بچھڑوں کو لے جا کر چُھوٹے باڑے میں باندھا اَور یَاہوِہ کے صندُوق کو گاڑی پر چڑھایا اَور اُس کے ہمراہ وہ صندوقچہ بھی رکھ دیا جِس میں سونے کے چُوہے اَور گِلٹیوں کی بُت بند تھیں۔ تَب وہ گائیں راہ پر ڈکارتی ہوئی چلتی ہُوئی جا رہی تھیں اَور سارا راستہ سیدھے بیت شِمِشؔ کی طرف اَور داہنی طرف یا بائیں طرف نہ مُڑیں۔ اَور فلسطینیوں کے سردار بیت شِمِشؔ کی سرحد تک اُن کے پیچھے پیچھے گیٔے۔
اُس وقت بیت شِمِشؔ کے لوگ وادی میں اَپنے گیہُوں کی کٹائی کر رہے تھے اَور جَب اُنہُوں نے نگاہ اُٹھاکر اُس صندُوق کو دیکھا تو وہ اُسے دیکھتے ہی خُوشی منانے لگے۔ اَور وہ گاڑی بیت شِمِشؔ کے یہوشُعؔ کے کھیت پر پہُنچی اَور وہاں ایک بڑی چٹّان کے پاس رُک گئی۔ تَب اُن لوگوں نے اُس گاڑی کی لکڑی کاٹ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے اَور دونوں گائیں بطور سوختنی نذر یَاہوِہ کے حُضُور چڑھا دیں۔ اَور لیویوں نے یَاہوِہ کے صندُوق کو اَور اُس صندوقچہ کو جِس میں سونے کی اَشیا تھیں لے کر اُنہیں اُس بڑی چٹّان پر رکھ دیا۔ اُس دِن بیت شِمِشؔ کے لوگوں نے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں چڑھائیں اَور ذبیحے گزرانے۔
تَب قِریت یعریمؔ کے لوگوں نے آکر یَاہوِہ کے صندُوق کو اَپنے قبضہ میں لے لیا اَور اُسے ابینادابؔ کے گھر جو پہاڑی پر ہے لے گیٔے اَور اُس کے بیٹے الیعزرؔ کی تقدیس کی کہ وہ یَاہوِہ کے صندُوق کی نگہبانی کرے۔ وہ صندُوق بیس سال کے طویل عرصہ تک قِریت یعریمؔ میں ہی رہا۔
اَور اِسرائیل کے سَب لوگ نوحہ کرتے رہے اَور یَاہوِہ کی بخشش کے طلب گار ہُوئے۔
اَور جَب داویؔد بادشاہ کو بتایا گیا، "خُدا کے صندُوق کی وجہ سے یَاہوِہ نے عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے کو اَور اُس کی ہر چیز کو برکت بخشی ہے تو داویؔد گیا۔" اَور خُدا کے صندُوق کو عوبیدؔ اِدُوم کے گھر سے داویؔد کے شہر میں خُوشی خُوشی لے آئے۔ جَب یَاہوِہ کے صندُوق کو اُٹھاکر لے جانے والے چھ قدم چل چُکے تو داویؔد نے ایک بَیل اَور ایک فربہ بچھڑا قُربان کیا۔ اَور داویؔد جو کتان کا افُود پہنے ہُوئے تھا پُورے جوش کے ساتھ یَاہوِہ کے حُضُور رقص کرنے لگا۔ اِس طرح داویؔد اَور اِسرائیل کے سارے لوگ نعرے لگاتے ہُوئے اَور نرسنگے پھُونکتے ہُوئے یَاہوِہ کے صندُوق کو لے کر آئے۔
اِس کے بعد بادشاہ شُلومونؔ نے صِیّونؔ سے یعنی داویؔد کے شہر سے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لانے کے لیٔے بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگوں اَور قبیلوں کے سَب سردار اَور بنی اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سربراہوں کو یروشلیمؔ میں اَپنے پاس جمع کیا۔ لہٰذا ساتویں مہینے کے ماہِ اِتھنیمؔ میں عید کے موقع پر تمام بنی اِسرائیل کے لوگ بادشاہ شُلومونؔ کے حُضُور جمع ہُوئے۔
اَور جَب بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ آ گئے تو کاہِنوں نے صندُوق کو اُٹھایا، کاہِنؔ اَور لیوی یَاہوِہ کے صندُوق، خیمہ اِجتماع اَور اُس کے اَندر کے تمام مُقدّس برتنوں کو اُٹھاکر اَپنے ساتھ لے آئےتھے۔ بادشاہ شُلومونؔ اَور بنی اِسرائیل کی تمام جماعت نے جو اُس وقت اُن کے ساتھ وہاں صندُوق کے سامنے جمع ہوئی تھی اَور صندُوق کے آگے اِس کثرت سے بھیڑ، بکریاں اَور بَیل ذبح کر رہے تھے کہ اُن کا شُمار کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
پھر کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُس کی مُقرّرہ جگہ یعنی پاک مَقدِس کے اَندرونی پاک ترین مقام میں کروبیم کے پروں کے نیچے لاکر رکھ دیا۔ کیونکہ کروبیم صندُوق کی مُقرّر جگہ کے اُوپر اَپنے پروں کو اِس قدر پھیلائے ہُوئے تھے کہ کروبیم کے پر صندُوق کو اَور اُسے اُٹھانے والی بَلّیوں پر سایہ کریں۔ اَور یہ بَلّیئیں اِس قدر لمبی تھیں کہ اُن کے سِرے جو اَندرونی پاک مَقدِس کے صندُوق سے باہر نکلے ہُوئے تھے لیکن اَندرونی پاک مقام کے سامنے سے دیکھے جا سکتے تھے مگر اِس کے باہر سے نہیں۔ اَور وہ آج کے دِن تک اُسی حالات میں وہیں ہیں۔ اَور صندُوق میں پتّھر کی اُن دو تختیوں کے سِوائے اَور کچھ نہ تھا جنہیں مَوشہ نے حورِبؔ میں رکھ دیا تھا۔ جہاں یَاہوِہ نے اُن سے عہد باندھا تھا، جَب بنی اِسرائیل مِصر سے باہر نکل آئےتھے۔
جَب کاہِنؔ پاک ترین مقام سے باہر نکل آئے تو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس بادل سے بھر گیا۔ یہاں تک کہ کاہِنؔ بادلوں کے باعث اَپنی خدمت اَنجام دینے کے لیٔے وہاں کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ یَاہوِہ نے اَپنے جلال سے اَپنے پُورے بیت المُقدّس کو معموُر کر دیا تھا۔
"اَے بےایمان قوم، لَوٹ آ،" یَاہوِہ فرماتے ہیں، "کیونکہ مَیں تیرا شوہر ہُوں۔ مَیں تُجھے ہر شہر میں سے ایک کو اَور ہر برادری میں سے دو دو کو اِنتخاب کر صِیّونؔ میں واپس لاؤں گا۔ پھر مَیں تُجھے اَپنے مَن پسند چرواہے دُوں گا جو دانائی اَور عقلمندی سے تیری رہبری کریں گے۔ اُن دِنوں میں جَب تُو مُلک میں تعداد میں کثرت سے بڑھےگا،" تَب یَاہوِہ فرماتے ہیں، "لوگ پھر کبھی یہ نام، ’یَاہوِہ کے دَورِ حُکومت کا عہد کا صندُوق زبان پر نہ لائیں گے،‘ نہ اُس کا خیال اُن کے ذہن میں آئے گا؛ اَور نہ وہ اُسے یاد کریں گے، نہ ہی اُس کی جدائی محسُوس کی جائے گی اَور نہ کویٔی دُوسرا بنائیں گے۔
غرض پہلے عہد کے مُطابق بھی عبادت کے ضوابط مَوجُود تھے اَور ایک اَیسا پاک مَقدِس بھی تھا جو دُنیوی تھا۔ یعنی ایک خیمہ بنایا گیا تھا۔ جِس کے پہلے کمرے میں چراغدان، میز، اَور اُس پر پڑی مخصُوص کی ہویٔی روٹیاں رکھی رہتی تھیں۔ اِس حِصّہ کو پاک مقام کہتے تھے۔ دُوسرے کمرے کے پردہ کے پیچھے وہ خیمہ تھا جسے پاک ترین مقام کہا جاتا تھا۔ پاک ترین مقام کے اَندر بخُور جَلانے کے لیٔے سونے کا قُربان گاہ اَور عہد کا صندُوق تھا جو سونے سے منڈھا ہُوا تھا۔ اُس صندُوق میں مَنّ سے بھرا ہُوا سونے کا مرتبان اَور حضرت ہارونؔ کا عصا تھا جِس میں کونپلیں پھوٹ نکلی تھیں اَور عہد کی دو لَوحیں تھیں جِن پر دس اَحکام کَندہ تھے۔ اُس صندُوق کے اُوپر الٰہی جلال کے دو مُقرّب فرشتے بنے ہویٔے تھے جو صندُوق کے ڈھکنے یعنی کفّارہ گاہ پر سایہ کرتے تھے۔ لیکن اِن باتوں کا ایک ایک کرکے بَیان کرنے کا ابھی وقت نہیں ہے۔
تَب خُدا کا بیت المُقدّس جو آسمان میں ہے کھولا گیا اَور اُس کے بیت المُقدّس میں اُس کے عہد کا صندُوق نظر آیا۔ اَور بجلیاں کوندیں، آوازیں اَور بادلوں کی گرج پیدا ہُوئیں، زلزلہ آیا اَور بڑے بڑے اولے گِرے۔