Misericórdia
A misericórdia de Deus é eterna e inesgotável. Ele se compadece dos que sofrem, perdoa os arrependidos e derrama graça sobre os que não merecem. Grande é a sua fidelidade.
A misericórdia de Deus
Quem é Deus como tu, que perdoa a iniquidade? Ele se deleita em ter misericórdia e não retém a ira para sempre.
آپ جَیسا خُدا کون ہے،
جو گُناہ مُعاف کرتا ہے،
اَور اَپنی مِیراث کے بقیّہ کی خطاؤں کو بخشتا ہے؟
وہ اَپنا قہر ہمیشہ کے لیٔے نہیں رکھ چھوڑتا،
بَلکہ رحم کرنے سے خُوش ہوتاہے۔
اَے خُدا، اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق،
اَپنی بڑی شفقت کی کثرت سے؛
مُجھ پر رحم کریں،
میری خطائیں مٹا دیں۔
میری ساری بدی دھو ڈالیں
اَور میرے گُناہ سے مُجھے پاک کر دیں۔
اَے یَاہوِہ، اَپنی بڑی شفقت و مَحَبّت کو یاد کریں،
کیونکہ وہ اَزل سے ہیں۔
میری جَوانی کے گُناہوں کو
اَور میرے باغی طریقوں کو یاد نہ کریں؛
اَپنی شفقت کے مُطابق مُجھے یاد فرمائیں،
کیونکہ اَے یَاہوِہ، آپ نیک ہیں۔
اَے یَاہوِہ، میں گہرائیوں میں سے آپ کو پُکارتا ہُوں؛
اَے خُداوؔند، میری آواز سُن لیں۔
میری اِلتجائے رحم پر
آپ کے کان متوجّہ ہوں۔
اَے یَاہوِہ، اَپنی رحمت سے مُجھے محروم نہ رکھیں؛
آپ کی شفقت و مَحَبّت اَور آپ کی سچّائی ہمیشہ میری حِفاظت کریں۔
یقیناً نیکی اَور شفقت و مَحَبّت
عمر بھر میرے ساتھ ساتھ رہیں گی،
اَور مَیں ہمیشہ یَاہوِہ کے گھر میں،
سکونت کروں گا۔
جِس طرح باپ اَپنے بچّوں پر ترس کھاتا ہے،
اُسی طرح یَاہوِہ اُن لوگوں پر ترس کھاتے ہیں جو اُن کا خوف رکھتے ہیں؛
Graça e perdão
Onde o pecado abundou, superabundou a graça. Deus convida todos ao arrependimento e promete perdão total aos que confessam.
مگر اَیسی بات نہیں کہ جِتنا جُرم ہے اِتنی ہی فضل کی نِعمت ہے۔ کیونکہ جَب ایک آدمی کے جُرم کے سبب سے بہت سے اِنسان مَر گیٔے تو ایک آدمی یعنی یِسوعؔ المسیح کے فضل کے سبب بہت سے اِنسانوں کو خُدا کے فضل کی نِعمت بڑی اِفراط سے عطا ہویٔی۔
پھر کیا کریں؟ کیا ہم گُناہ کرتے رہیں اِس لیٔے کہ ہم شَریعت کے ماتحت نہیں بَلکہ خُداوؔند کے فضل کے ماتحت ہیں؟ ہرگز نہیں!
لیکن خُدا ہم سے بہت ہی مَحَبّت کرنے والا، اَور رحم کرنے میں غنی ہے، جَب کہ ہم اَپنی سرکشیوں کے باعث مُردہ تھے، خُدا نے ہمیں المسیح کے ساتھ زندہ کیا۔ تُمہیں خُدا کے فضل سے ہی نَجات مِلی ہے۔
مگر خُداوؔند نے مُجھے جَواب دیا، "میرا فضل تیرے لیٔے کافی ہے کیونکہ میری قُدرت کمزوری ہی میں پُوری ہوتی ہے۔" لہٰذا میں اَپنی کمزوریوں پر فخر کروں گا، تاکہ میں المسیح کی قُدرت کے زیرِ سایہ رہُوں۔
جو اَپنے گُناہ چھُپاتا ہے، کامیاب نہیں ہوتا،
لیکن جو اقرار کرکے اُن کو ترک کرتا ہے، اُس پر رحم کیا جائے گا۔
بدکار اَپنی راہ چھوڑ دے
اَور بد کِردار اَپنے خیالات کو ترک کرے۔
وہ یَاہوِہ کی طرف پھرے اَور وہ اُس پر رحم کرےگا،
اَور ہمارے خُدا کی طرف رُجُوع کرے کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف کرےگا۔
پھر بھی یَاہوِہ تُم پر فضل کرنا چاہتاہے؛
اَور وہ تُم پر رحم کرنے کے لیٔے اُٹھا ہے
کیونکہ یَاہوِہ عادل خُدا ہے۔
مُبارک ہیں وہ سَب جو اُن کا اِنتظار کرتے ہیں!
Misericórdia e compaixão
Misericórdia quero e não sacrifício. Deus nos chama a ser misericordiosos como Ele é, perdoando e acolhendo o próximo.
مگر تُم جا کر اِس بات کا مطلب دریافت کرو: ’میں قُربانی سے زِیادہ رحم دِلی کو پسند کرتا ہُوں۔‘ کیونکہ مَیں راستبازوں کو نہیں، لیکن گُنہگاروں کو اَپنا پیروکار ہونے کے واسطے بُلانے آیا ہُوں۔"
تَب پطرس نے یِسوعؔ کے پاس آکر پُوچھا، "اَے خُداوؔند، اگر میرا بھایٔی یا بہن میرے خِلاف گُناہ کرتا رہے تو میں اُسے کتنی دفعہ مُعاف کروں؟ کیا سات بار تک؟"
یِسوعؔ نے جَواب دیا، "مَیں تُجھ سے سات دفعہ نہیں، لیکن ستّر کے سات گُنا تک مُعاف کرنے کے لیٔے کہتا ہُوں۔
اگر تُم دُوسروں کے قُصُور مُعاف کروگے تو تمہارا آسمانی باپ بھی تُمہیں مُعاف کرےگا
لیکن آپ نے اَپنی بڑی رحمت سے نہ تو اُنہیں نابود کیا نہ ترک کیا کیونکہ آپ رحیم و کریم خُدا ہیں۔
سخی اِنسان اَور فراخدلی سے قرض دینے والے کا بھلا ہوگا،
وہ اَپنا کاروبار راستی سے چلاتاہے۔
ہمارے خُداوؔند خُدا کا لُطف و کرم ہم پر بنا رہے؛
ہمارے ہاتھوں کے کام ہمارے لیٔے کامیابی لائیں۔
آپ ہمارے ہاتھوں کے کام کو ترقّی بخشیں۔
Acessar a misericórdia
Cheguemos com confiança ao trono da graça. Ali encontramos misericórdia e graça para socorro no tempo oportuno.
لہٰذا آؤ ہم خُدا کے فضل کے تخت کے پاس دِلیری سے چلیں تاکہ ہم پر رحم ہو، اَور وہ فضل حاصل کریں جو ضروُرت کے وقت ہماری مدد کرے۔
پس، اَے بھائیو اَور بہنوں! مَیں خُدا کی رحمتوں کا واسطہ دے کر تُم سے مِنّت کرتا ہُوں کہ اَپنے بَدن اَیسی قُربانی کی خدمت ہونے کے لیٔے پیش کرو جو زندہ ہے، پاک ہے اَور خُدا کو پسند ہے۔ یہی تمہاری مَعقُول عبادت ہے۔
کیونکہ خُدا نے دُنیا سے اِس قدر مَحَبّت کی کہ اَپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کویٔی بیٹے پر ایمان لایٔے ہلاک نہ ہو بَلکہ اَبدی زندگی پایٔے۔
کیونکہ المسیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُوا کہ نہ فقط خُداوؔند پر ایمان لاؤ، بَلکہ خُداوؔند کی خاطِر دُکھ بھی سہو،
حِزقیاہؔ نے تمام مُلکِ اِسرائیل اَور یہُودیؔہ کو پیغام بھیجا اَور بنی اِفرائیمؔ اَور بنی منشّہ کو خُطوط بھی لکھے کہ وہ یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے لیٔے عیدِفسح منانے آئیں۔ اَور بادشاہ اَور اُس کے اہلکاروں اَور یروشلیمؔ میں ساری جماعت نے دُوسرے مہینے میں عیدِفسح منانے کا فیصلہ کیا۔ کیونکہ وہ اِسے معمول کے مُطابق اِس لئے نہیں منا سکے تھے کیونکہ کاہِنوں کی ایک کثیر تعداد نے اَپنے آپ کو پاک نہیں کیا تھا اَور لوگ بھی یروشلیمؔ میں جمع نہ ہو پایٔے تھے۔ یہ بات بادشاہ اَور ساری جماعت کو مُناسب مَعلُوم ہُوئی۔ لہٰذا اُنہُوں نے بیرشبعؔ سے لے کر دانؔ تک مُلکِ اِسرائیل میں ہر جگہ اعلان کروا دیا کہ سَب لوگ یروشلیمؔ آکر یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کے لیٔے عیدِفسح منائیں کیونکہ اُنہُوں نے کثیر تعداد میں شَریعت کے مُطابق یہ عید نہیں منائی تھی۔
چنانچہ قاصِد شاہی فرمان کے مُطابق بادشاہ اَور اُس کے سرداروں کے خُطوط لے کر مُلکِ اِسرائیل اَور یہُودیؔہ میں ہر جگہ گیٔے۔ اُن خُطوط میں یُوں لِکھا تھا:
"اَے بنی اِسرائیل! یَاہوِہ اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور اِسرائیل کے خُدا کی طرف رُجُوع کرو تاکہ وہ بھی تمہاری طرف مُتوجّہ ہوں، جو اشُور کے بادشاہوں کے ہاتھ سے باقی بچ نکلے ہو۔ اَپنے آباؤاَجداد اَور بھائیوں کی مانند نہ بنو جنہوں نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کی نافرمانی کی جِس کی وجہ سے یَاہوِہ نے اُنہیں ہلاکت کے سُپرد کر دیا جَیسا کہ تُم آج دیکھ رہے ہو۔ اِس لئے اَب اَپنے آباؤاَجداد کی مانند ضِدّی نہ بنو، بَلکہ یَاہوِہ کی اِطاعت اِختیار کرو۔ اُن کے پاک مَقدِس میں آؤ جِس کی اُنہُوں نے ہمیشہ کے لیٔے تقدیس کر دی ہے۔ یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت کرو تاکہ اُن کا قہر شدید تُم پر سے ٹل جائے۔ اگر تُم یَاہوِہ کی طرف رُجُوع کروگے تو پھر تمہارے بھائیوں اَور بچّوں کو اسیر کرنے والے اُن پر ترس کھایٔیں گے اَور وہ اِس مُلک کو واپس آ جایٔیں گے۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا بڑے مہربان اَور رحیم ہیں۔ اگر تُم اُن کی طرف پھروگے تو وہ تُم سے اَپنا مُنہ نہ پھیریں گے۔"
قاصِد اِفرائیمؔ اَور منشّہ میں قصبہ بہ قصبہ ہوتے ہُوئے زبُولُون تک گیٔے لیکن لوگوں نے اُن کی تحقیر کی اَور اُن کا مذاق اُڑایا۔ تاہم آشیر، منشّہ اَور زبُولُون کے چند آدمیوں نے فروتنی اِختیار کی اَور یروشلیمؔ آئے۔ لیکن یہُودیؔہ پر بھی خُدا کا ہاتھ تھا اَور یَاہوِہ نے اُنہیں مُتّحد کر دیا تاکہ وہ اُن کے کلام کی پیروی میں بادشاہ اَور اُن کے اہلکاروں کے حُکم کی تعمیل کریں۔
دُوسرے مہینے میں بے خمیری روٹی کی عید منانے کے لیٔے لوگوں کا ایک بہت بڑا ہُجوم یروشلیمؔ میں جمع ہُوا۔ اَور یکدل ہوکر اُنہُوں نے جو مذبح بُتوں کے واسطے یروشلیمؔ میں تعمیر کئے تھے اُنہیں ڈھا دیا اَور بخُور جَلانے کے مذبحوں کو بھی نِیست و نابود کر دیا اَور اُن کو اُٹھاکر قِدرُونؔ کی وادی میں پھینک دیا۔
پھر دُوسرے مہینے کی چودھویں تاریخ کو اُنہُوں نے فسح کے برّہ کو ذبح کیا اَور کاہِنوں اَور لیویوں نے شرمسار ہوکر اَپنے آپ کو پاک کیا اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں سوختنی نذریں لایٔے۔ اَور وہ اَپنے دستور کے مُطابق اَپنی اَپنی جگہوں پر کھڑے ہو گئے جَیسا کہ مَرد خُدا مَوشہ کے تمام آئین میں مُقرّر کی گئی تھیں۔ اَور کاہِنوں نے اُس خُون کو جو لیویوں نے اُن کے ہاتھ میں دیا تھا چھِڑکا۔ چونکہ ہُجوم میں سے اکثر نے اَپنے آپ کو پاک نہ کیا تھا اِس لیٔے لیویوں کو اُن سَب کے لیٔے فسح کے برّے ذبح کرنے پڑے جو رسمی طور پر پاک نہ تھے اَور نہ ہی اَپنے برّے یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کر سکے تھے۔ اگرچہ کثیر تعداد میں لوگوں نے جو اِفرائیمؔ، منشّہ، یِسَّکاؔر اَور زبُولُون کے مُلکوں سے آئےتھے، اُنہُوں نے خود کو پاک نہیں کیا تھا، پھر بھی اُنہُوں نے شَریعت کو توڑتے ہُوئے فسح کھا لی تھی، لیکن حِزقیاہؔ نے اُن کے لیٔے یہ کہتے ہُوئے دعا مانگی، "یَاہوِہ جو بھلےہیں وہ ہر کسی کو مُعاف کریں، جو دِل سے اَپنے خُدا کا یعنی یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کا طالب ہے، چاہے وہ پاک مَقدِس کے قوانین کے مُطابق اَپنے آپ کو پاک نہ بھی کئے ہوں۔" تَب بھی یَاہوِہ نے حِزقیاہؔ کی دعا سُنی اَور لوگوں کو پھر سے شفا بخشی۔
اَور اُن بنی اِسرائیل نے جو یروشلیمؔ میں مَوجُود تھے، بڑی خُوشی سے سات دِن تک بے خمیری روٹی کی عید منائی اَور اِس دَوران لیوی اَور کاہِنؔ یَاہوِہ کی حَمد کے سازوں کی دُھنوں کے ساتھ ہر روز یَاہوِہ کی سِتائش کرتے رہے۔
حِزقیاہؔ نے اُن تمام لیویوں کو شاباشی دی اَور اُن کی حوصلہ اَفزائی کی جنہوں نے یَاہوِہ کی عبادت کرتے وقت ذی فہم کا مظاہرہ کیا۔ تَب وہ مُقرّرہ سات دِن تک فسح کھاتے رہے اَور سلامتی کی نذروں کے ذبیحوں کو گذرانتے اَور اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے سامنے اَپنے گُناہوں کا اقرار کرتے رہے۔
پھر تمام جماعت نے مزید سات دِن اَور عید منانے پر اِتّفاق کیا۔ وہ بڑی خُوشی سے مزید سات دِن عید مناتے رہے۔ شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ نے جماعت کے لیٔے ایک ہزار بَیل اَور سات ہزار بھیڑیں اَور بکریاں مُہیّا کیں اَور سرداروں نے اُنہیں ایک ہزار بَیل اَور دس ہزار بھیڑیں اَور بکریاں مُہیّا کیں اَور کاہِنوں کی ایک کثیر تعداد نے اَپنے آپ کو پاک کیا۔ اَور یہُودیؔہ کی ساری جماعت نے کاہِنوں اَور لیویوں اَور اُن پردیسیوں کے ساتھ مِل کر خُوشی منائی جو مُلکِ اِسرائیل سے آئےتھے اَورجو یہُودیؔہ میں رہتے تھے۔ اَور یروشلیمؔ میں ہر طرف شادمانی ہی شادمانی نظر آتی تھی کیونکہ شُلومونؔ بِن داویؔد شاہِ اِسرائیل کے زمانہ سے یروشلیمؔ میں اَیسی بات کبھی نہ ہُوئی تھی۔ پھر کاہِنؔ اَور لیوی لوگوں کو برکت دینے کے لیٔے کھڑے ہُوئے اَور خُدا نے اُن کی سُنی کیونکہ اُن کی دعا خُدا کی مُقدّس قِیام گاہ آسمان تک پہُنچ گئی تھی۔
"اگر کویٔی اَپنی بیوی کو طلاق دے
اَور وہ بیوی اُسے چھوڑکر کسی اَور سے شادی کرکے رہنے لگے،
تو کیا وہ پہلا آدمی پھر سے اُس طلاق شُدہ کے پاس جائے گا؟
کیا وہ مُلک نہایت ناپاک نہ ہو جائے گا؟
لیکن تُو متعدّد عاشقوں کے ساتھ فاحِشہ کی مانند رہ چُکی ہے۔
کیا تُو اَب میرے پاس لَوٹ آئے گی؟"
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
"بنجر ٹیلوں کی طرف نگاہ اُٹھاکر دیکھ،
کیا کویٔی اَیسی جگہ دِکھائی پڑتی ہے جہاں تیری عصمت دری نہ ہُوئی ہو؟
راہوں کے کنارے تُو عاشقوں کے اِنتظار میں اَیسی بیٹھی رہتی ہے،
جَیسے کویٔی خانہ بدوش بدو بیابان میں بیٹھتی تھی۔
تُونے اَپنی جِسم فروشی اَور بدکاری سے
مُلک کو ناپاک کر دیا ہے۔
اِس لیٔے برسات روک دی گئی ہے،
اَور موسمِ بہار میں بارش نہیں برسی۔
پھر بھی تیرے چہرے سے فاحِشہ کی سِی بے حیائی نظر آتی ہے؛
اَور تو شرم سے شرمندہ ہونے سے اِنکار کرتی ہے۔
کیا تُو اَب سے مُجھے پُکار کر نہ کہےگی،
’اَے میرے باپ، آپ میری جَوانی کے ہمدرد تھے؟
کیا آپ مجھ سے ہمیشہ خفا رہیں گے؟
کیا آپ کا قہر ہمیشہ قائِم رہے گا؟‘
دیکھ، تو اِس طرح سے بولتی تو ہے،
لیکن تُو جِتنی بدی کر سکتی ہے اُتنی کرتی رہتی ہے۔"
یُوشیاہؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت میں یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، "کیا تُونے دیکھا، نافرمان اِسرائیل نے کیا کیا ہے؟ وہ ہر اُونچے پہاڑ پر اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے گئی اَور وہاں زنا کیا۔ مَیں نے سوچا، اِتنا سَب کرنے کے بعد وہ میرے پاس لَوٹ آئے گی لیکن وہ نہ آئی اَور اُس کی بےوفا بہن، یہُودیؔہ نے یہ حال دیکھا۔ یہُودیؔہ نے دیکھا کہ مَیں نے نافرمان اِسرائیل کو زناکاری کے سبب سے طلاق نامہ دے کر روانہ کر دیا ہے؛ تَو بھی اُس کی بےوفا بہن یہُودیؔہ نہ ڈری، بَلکہ اُس نے بھی جا کر زناکاری کی۔ کیونکہ اِسرائیل کی نظر میں یہ شرمناک بدکاری کوئی سنگین مسئلہ نہیں تھا، اِس لیٔے اُس نے پُورے مُلک کو ناپاک کر دیا اَور پتّھروں اَور درختوں کے ساتھ زنا کیا۔ اِن تمام باتوں کے باوُجُود، اُس کی بےوفا بہن یہُودیؔہ اَپنے سچّے دِل سے میرے پاس واپس نہ آئی بَلکہ ریاکاری ہی کرتی رہی۔" یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، "نافرمان اِسرائیل بےوفا یہُودیؔہ سے زِیادہ راستباز ہے۔ جاؤ اَور شمال کی جانِب یہ پیغام سُناؤ:
" ’اَے نافرمان اِسرائیل، لَوٹ آ،‘ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے
’مَیں تُجھ سے اَب اَور ناراضگی سے پیش نہ آؤں گا،
کیونکہ مَیں رحیم ہُوں،‘ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے
’مَیں ہمیشہ غُصّہ نہیں کرتا رہُوں گا۔
صِرف اَپنے اُن گُناہوں کا اقرار کر:
کہ تُونے اَپنے خُدا یَاہوِہ سے بغاوت کی ہے،
اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے
غَیر معبُودوں کو خُوش کرنے میں لگی رہی،
اَور میری اِطاعت نہ کی،‘ "
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔
"اَے بےایمان قوم، لَوٹ آ،" یَاہوِہ فرماتے ہیں، "کیونکہ مَیں تیرا شوہر ہُوں۔ مَیں تُجھے ہر شہر میں سے ایک کو اَور ہر برادری میں سے دو دو کو اِنتخاب کر صِیّونؔ میں واپس لاؤں گا۔ پھر مَیں تُجھے اَپنے مَن پسند چرواہے دُوں گا جو دانائی اَور عقلمندی سے تیری رہبری کریں گے۔ اُن دِنوں میں جَب تُو مُلک میں تعداد میں کثرت سے بڑھےگا،" تَب یَاہوِہ فرماتے ہیں، "لوگ پھر کبھی یہ نام، ’یَاہوِہ کے دَورِ حُکومت کا عہد کا صندُوق زبان پر نہ لائیں گے،‘ نہ اُس کا خیال اُن کے ذہن میں آئے گا؛ اَور نہ وہ اُسے یاد کریں گے، نہ ہی اُس کی جدائی محسُوس کی جائے گی اَور نہ کویٔی دُوسرا بنائیں گے۔ اُس وقت یروشلیمؔ یَاہوِہ کا تخت کہلائے گا اَور تمام قومیں یروشلیمؔ میں جمع ہُوں گی اَور یَاہوِہ کے نام کی تمجید کریں گی۔ تَب وہ پھر اَپنے ناپاک دِلوں کی ضِد پر نہ چلیں گے۔ اُن دِنوں میں بنی یہُوداہؔ، بنی اِسرائیل کے ساتھ ایک ہو جائے گا اَور وہ باہم مِل کر شمالی مُلک سے اُس مُلک میں آئیں گے جسے مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو مِیراث میں دیا تھا۔
"مَیں نے خیال کیا تھا،
" ’مَیں کیسے تُمہیں دِل و جان سے فرزندوں میں شُمار کروں،
اَور تُمہیں اِس خُوشنما مُلک کو عطا کروں،
جو سَب قوموں کے ممالک کی مِیراث ہے۔‘
مَیں نے سوچا کہ تُم مُجھے ’باپ‘
کہہ کر پُکارو گے، اَور پھر مُجھ سے برگشتہ نہ ہوگے۔
لیکن جِس طرح ایک بیوی اَپنے خَاوند سے بےوفائی کرتی ہے،
اُسی طرح اَے اِسرائیل تُم نے مُجھ سے بےوفائی کی ہے،"
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
بنجر ٹیلوں پر سے اِسرائیل کے
رونے اَور گڑگڑانے کی آواز آ رہی ہے،
کیونکہ اُنہُوں نے اَپنی راہیں ٹیڑھی کرلی ہیں،
اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کو ترک کر دیا ہے۔
"اَے بےوفا قوم، لَوٹ آ؛
مَیں تُمہیں برگشتگی سے شفا بخشوں گا۔"
"دیکھئے، ہم آپ کے پاس آ رہے ہیں،
کیونکہ آپ یَاہوِہ ہمارے خُدا ہیں۔
یقیناً ٹیلوں اَور پہاڑوں پر ہمارا بُت پرستی کا مجمع لگانا محض دھوکا ہے؛
اِسرائیل کی نَجات،
یقیناً یَاہوِہ ہمارے خُدا میں ہی ہے۔
ہماری جَوانی سے ہی اِن شرمناک معبُودوں نے،
ہمارے آباؤاَجداد کی محنت کے پھل کو،
اُن کے گلّوں اَور ریوڑوں کو،
اَور اُن کے بیٹے اَور بیٹیوں کو نگل لیا ہے۔
آؤ ہم اَپنی شرم میں لیٹ جایٔیں،
اَور ہماری رُسوائی ہمیں ڈھانپ لے۔
کیونکہ ہم اَور ہمارے آباؤاَجداد دونوں نے،
اَپنی جَوانی کے ایّام سے آج تک،
ہم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُکم کو نہ مان کر گُناہ کیا ہے۔"