مُقدّمہ بازی
1 اگر تُم میں ایک کا دُوسرے کے ساتھ جھگڑا چل رہا ہو تو کیا وہ اَپنے فیصلہ کے لیٔے مسیحی مُقدّسین کی بجائے بےدینوں کی عدالت میں جانے کی جُرأت کرےگا؟ 2 کیا تُم نہیں جانتے کہ مُقدّس لوگ دُنیا کا اِنصاف کریں گے؟ اَور جَب تُمہیں دُنیا کا اِنصاف کرناہے تو کیا تُم اِس قابل بھی نہیں کہ چُھوٹی چُھوٹی باتوں کا فیصلہ کر سکو؟ 3 کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم فرشتوں کا اِنصاف کریں گے؟ اِس دُنیا کے مُعاملات کا تو ذِکر ہی کیا؟ 4 اگر تُم میں اَیسے دُنیوی مُقدّمے ہوں تو کیا تُم اُن کا فیصلہ اَیسے لوگوں سے کراؤگے جِن کی جماعت میں کویٔی حیثیت نہیں؟ 5 میں تُمہیں شرمندہ کرنے کے لیٔے یہ کہتا ہُوں۔ کیا سچ مُچ تُم میں ایک بھی عقلمند نہیں جو مسیحی بھائیو کے مُعاملات کا بِلاجِھجک فیصلہ کر سکے؟