1 اِسی طرح اَے بیویوں! تُم بھی اَپنے اَپنے شوہروں کے تابع رہو تاکہ اگر اُن میں سے بعض جو کِتاب مُقدّس کو نہ مانتے ہوں، تَو بھی تمہارے کُچھ کہے بغیر ہی تمہارے نیک چال چلن کی وجہ سے ایمان میں آ جایٔیں۔ 2 کیونکہ وہ تمہارے پاکیزہ اَور اَچھّے چال چلن کو دیکھتے رہتے ہیں۔ 3 تمہاری خُوبصُورتی صِرف ظاہری خُوبصُورتی نہ ہو، مثلاً بال گُوندھنے، سونے کے زیور اَور طرح طرح کے قیمتی لباس پہننا۔ 4 لیکن تمہاری باطنی اَور پوشیدہ شخصیت حلیم اَور نرم مِزاج دماغ کی غُربت کی غَیر فانی زیورات سے آراستہ ہو، کیونکہ خُدا کی نظر میں باطنی حُسن کی بڑی قدر ہے۔ 5 کیونکہ خُدا پر اُمّید رکھنے والی مُقدّس خواتین ماضی زمانہ میں بھی اَپنے آپ کو اِسی طرح سنوارتی تھیں اَور اَپنے شوہروں کے تابع رہتی تھیں۔ 6 جَیسے سارہؔ حضرت اَبراہامؔ کے حُکم میں رہتی تھی اَور اُسے اَپنا آقا کہہ کر تسلیم کرتی تھی۔ اِسی طرح اگر تُم بھی بغیر خوف کھائے جو صحیح ہے اُسے کرو، تو تُم سارہؔ کی بیٹیاں ہو۔