خُدا کے لیٔے زندگی بسر کرنا
1 پس جَب کہ المسیح نے جِسم کے اِعتبار سے دُکھ اُٹھایا تھا لہٰذا تُم بھی اَیسے ہی اِرادے سے مُسلّح ہو جاؤ کیونکہ جِس نے جِسم کے اِعتبار سے دُکھ اُٹھایا اُس نے گُناہ سے فراغت پائی۔ 2 اِس لیٔے اَب سے تمہاری باقی جِسمانی زندگی نَفسانی خواہشات کو پُورا کرنے میں نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی کے مُطابق گُزرے۔ 3 کیونکہ تُم نے ماضی میں اَپنی زندگی کا بیشتر حِصّہ غَیریہُودیوں کی طرح شہوت پرستی، بدخواہشات، شراب نوشی، ناچ رنگ، نشہ بازی اَور مکرُوہ قِسم کی بُت پرستی میں گزار دیا۔ 4 اَور اَب وہ تعجُّب کرتے ہیں کہ تُم بدچلنی اَور عیّاشی میں اُن کا ساتھ نہیں دیتے ہو اِس لیٔے اَب وہ تمہاری بُرائی کرتے رہتے ہیں۔ 5 لیکن اُنہیں اُسی خُدا کو حِساب دینا پڑےگا جو زندہ اَور مُردوں کا اِنصاف کرنے کو تیّار ہے۔