1 اِس کے بعد بادشاہ شُلومونؔ نے صِیّونؔ سے یعنی داویؔد کے شہر سے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لانے کے لیٔے بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگوں اَور قبیلوں کے سَب سردار اَور بنی اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سربراہوں کو یروشلیمؔ میں اَپنے پاس جمع کیا۔ 2 لہٰذا ساتویں مہینے کے ماہِ اِتھنیمؔ میں عید کے موقع پر تمام بنی اِسرائیل کے لوگ بادشاہ شُلومونؔ کے حُضُور جمع ہُوئے۔
3 اَور جَب بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ آ گئے تو کاہِنوں نے صندُوق کو اُٹھایا، 4 کاہِنؔ اَور لیوی یَاہوِہ کے صندُوق، خیمہ اِجتماع اَور اُس کے اَندر کے تمام مُقدّس برتنوں کو اُٹھاکر اَپنے ساتھ لے آئےتھے۔ 5 بادشاہ شُلومونؔ اَور بنی اِسرائیل کی تمام جماعت نے جو اُس وقت اُن کے ساتھ وہاں صندُوق کے سامنے جمع ہوئی تھی اَور صندُوق کے آگے اِس کثرت سے بھیڑ، بکریاں اَور بَیل ذبح کر رہے تھے کہ اُن کا شُمار کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
6 پھر کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُس کی مُقرّرہ جگہ یعنی پاک مَقدِس کے اَندرونی پاک ترین مقام میں کروبیم کے پروں کے نیچے لاکر رکھ دیا۔ 7 کیونکہ کروبیم صندُوق کی مُقرّر جگہ کے اُوپر اَپنے پروں کو اِس قدر پھیلائے ہُوئے تھے کہ کروبیم کے پر صندُوق کو اَور اُسے اُٹھانے والی بَلّیوں پر سایہ کریں۔ 8 اَور یہ بَلّیئیں اِس قدر لمبی تھیں کہ اُن کے سِرے جو اَندرونی پاک مَقدِس کے صندُوق سے باہر نکلے ہُوئے تھے لیکن اَندرونی پاک مقام کے سامنے سے دیکھے جا سکتے تھے مگر اِس کے باہر سے نہیں۔ اَور وہ آج کے دِن تک اُسی حالات میں وہیں ہیں۔ 9 اَور صندُوق میں پتّھر کی اُن دو تختیوں کے سِوائے اَور کچھ نہ تھا جنہیں مَوشہ نے حورِبؔ میں رکھ دیا تھا۔ جہاں یَاہوِہ نے اُن سے عہد باندھا تھا، جَب بنی اِسرائیل مِصر سے باہر نکل آئےتھے۔
10 جَب کاہِنؔ پاک ترین مقام سے باہر نکل آئے تو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس بادل سے بھر گیا۔ 11 یہاں تک کہ کاہِنؔ بادلوں کے باعث اَپنی خدمت اَنجام دینے کے لیٔے وہاں کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ یَاہوِہ نے اَپنے جلال سے اَپنے پُورے بیت المُقدّس کو معموُر کر دیا تھا۔