11 شاؤل نے داویؔد کے گھر قاصِد بھیجے کہ اُس کی تاک میں رہیں اَور صُبح کو اُسے مار ڈالیں۔ مگر داویؔد کی بیوی میکلؔ نے اُنہیں خبردار کر دیا، "اگر تُم جان بچانے کے لیٔے آج رات بھاگے نہیں تو کل تُم مار ڈالے جاؤ گئے۔" 12 پس میکلؔ نے ایک کھڑکی سے داویؔد کو نیچے اُتار دیا اَور وہ بھاگ کر بچ گئے۔ 13 تَب میکلؔ نے ایک بُت لے کر اُسے پلنگ پر لِٹا دیا اَور اُسے کپڑوں سے ڈھانک دیا اَور بکریوں کے کچھ بال سرہانے رکھ دئیے۔
14 جَب شاؤل نے داویؔد کو پکڑنے کے لیٔے قاصِد بھیجے تو میکلؔ نے کہا، "وہ بیمار ہے۔"
15 تَب شاؤل نے اُن قاصِدوں کو داویؔد کو دیکھنے واپس بھیجا اَور کہا، "اُسے پلنگ سمیت میرے پاس لے آؤ تاکہ میں اُسے قتل کروں۔" 16 لیکن جَب وہ قاصِد اَندر گیٔے تو دیکھا کہ پلنگ پر ایک بُت پڑا ہُواہے اَور سرہانے بکریوں کے کچھ بال پڑے ہیں۔
17 تَب شاؤل نے میکلؔ سے کہا، "تُم نے مُجھے اِس طرح دھوکا کیوں دیا اَور میرے دُشمن کو بچ کر نکل جانے دیا؟"
میکلؔ نے شاؤل کو بتایا، "داویؔد نے مُجھ سے کہا، ’مُجھے نکل جانے دو ورنہ مَیں تُمہیں مار ڈالوں گا؟‘ "
18 جَب داویؔد فرار ہوکر بچ کر نکل گئے تو وہ رامہؔ میں شموایلؔ کے پاس گئے اَور وہ سَب کچھ جو شاؤل نے اُن کے ساتھ کیا تھا اُنہیں بتایا۔ تَب وہ اَور شموایلؔ نیوتؔ چلے گیٔے اَور وہاں رہنے لگے۔