حنّہؔ کی دعا
1 تَب حنّہؔ نے دعا کی اَور کہا:
"میرا دِل یَاہوِہ میں شادمان ہے؛
یَاہوِہ نے میرا سینگ اُونچا کیا ہے۔
میرا مُنہ میرے دُشمنوں پر کُھل گیا ہے،
کیونکہ مَیں آپ کی نَجات سے خُوش ہُوں۔
2 "یَاہوِہ کی مانند کوئی پاک نہیں؛
کیونکہ آپ کے سِوا اَور کویٔی ہے ہی نہیں؛
اَور نہ ہی کویٔی چٹّان ہمارے خُدا کی مانند ہے۔
3 "اِس قدر مغروُری سے باتیں نہ کرنا
اَور تمہارے مُنہ سے مغروُریت کی کوئی بات نہ نکلے،
کیونکہ یَاہوِہ اَیسے خُدا ہیں جو خُدائے علیم ہے،
وُہی اعمال کے تولنے والے ہیں۔
4 "سُورماؤں کی کمانیں توڑ دی جاتی ہیں،
لیکن لڑکھڑانے والے قُوّت سے کمربستہ ہو جاتے ہیں۔
5 وہ جو آسُودہ تھے روٹی کی خاطِر مزدُور بنے،
لیکن وہ جو بھُوکے تھے اَب بھُوکے نہیں ہیں۔
وہ جو بانجھ تھی سات بچّوں کی ماں بنی؛
لیکن وہ جِس کے بہت بچّے ہیں، اُس کی حالت قابل رحم ہے۔
6 "یَاہوِہ ہی ہیں جو جان لیتے ہیں اَور زندگی بخشتے ہیں؛
وُہی قبر میں اُتارتے ہیں اَور وُہی قبر سے زندہ اُٹھاتے ہیں۔
7 یَاہوِہ ہی مُفلس کر دیتے ہیں اَور وُہی دولتمند بناتے ہیں؛
وُہی پست کرتے ہیں اَور وُہی سرفراز کرتے ہیں۔
8 وہ مسکین کو خاک پر سے
اَور وہ ہی مُحتاج کو کُوڑے کے ڈھیر سے باہر نکالتے ہیں؛
وہ اُنہیں اُمرا کے ساتھ بِٹھاتے ہیں
اَور جاہ و جلال کے تخت عطا فرماتے ہیں۔
"کیونکہ زمین کے سُتون یَاہوِہ ہی کے ہیں؛
اَور اُن ہی پر اُنہُوں نے دُنیا قائِم کی ہے۔
9 وہ اَپنے وفادار خادِموں کے قدموں کی نگہبانی کریں گے،
لیکن بدکار اَندھیرے میں فنا کر دئیے جایٔیں گے۔
"کیونکہ اِنسان قُوّت ہی سے فتح نہیں پاتا؛
10 جو یَاہوِہ کی مُخالفت کرتے ہیں وہ ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جایٔیں گے۔
خُداتعالیٰ اُن کے خِلاف آسمان سے گرجیں گے؛
یَاہوِہ دُنیا کے کناروں کا اِنصاف کریں گے۔
"وہ اَپنے بادشاہ کو قُوّت بخشیں گے،
وہ اَپنے ممسوح کے سینگ کو فتح مند کریں گے۔"