عیلیؔ کے بدکار بیٹے
12 عیلیؔ کے بیٹے بڑے بدکار تھے۔ نہ ہی اُن کے لیٔے یَاہوِہ کے اِختیار کی کوئی اہمیّت تھی۔ 13 اَور کاہِنوں کا لوگوں کے ساتھ یہ دستور تھا کہ جَب کویٔی شخص قُربانی چڑھاتا تھا تو کاہِنؔ کا خدمت گار گوشت اُبالتے وقت ایک تین رُخی کانٹا اَپنے ہاتھ میں لیٔے ہُوئے آتا 14 اَور اُسے کڑاہی یا دیگچے، ہانڈی میں زور سے ڈال کر باہر نکالتا اَور جِتنا گوشت اُس کانٹے میں پھنس کر اُوپر آ جاتا اُسے کاہِنؔ اَپنے لیٔے لے لیتا تھا۔ یہی سلُوک وہ اُن تمام بنی اِسرائیلیوں کے ساتھ کیا کرتے تھے جو شیلوہؔ میں رہتے تھے۔ 15 بَلکہ چربی کے جَلائے جانے سے پیشتر ہی کاہِنؔ کا خدمت گار آ مَوجُود ہوتا اَور قُربانی دینے والے آدمی سے کہنے لگتا، "کاہِنؔ کے لیٔے کباب کے واسطے کچھ گوشت دیں کیونکہ وہ تُجھ سے اُبلا ہُوا گوشت نہیں بَلکہ کچّا ہی لے گا۔"
16 اگر وہ آدمی کہتا، "پہلے مُجھے چربی جَلا لینے دے اَور پھر جو کچھ تُم چاہے لے لینا،" تو خدمت گار جَواب دیتا، "نہیں، ابھی دو۔ اگر تُم نہیں دوگے تو میں زبردستی لے لُوں گا۔"
17 عیلیؔ کے لڑکوں کا یہ گُناہ یَاہوِہ کی نظر میں بہت بڑا تھا کیونکہ اُن کی اِس حرکت سے یَاہوِہ کی قُربانی کی تحقیر ہوتی تھی۔