2 اَور فلسطینی اِسرائیل کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے صف آرا ہُوئے اَور جَب لڑائی نے زور پکڑا تو اِسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے شِکست کھائی کیونکہ اُن کے تقریباً چار ہزار آدمی میدانِ جنگ میں قتل کر دئیے گیٔے تھے۔ 3 جَب وہ فَوجی سپاہی چھاؤنی میں واپس آئے تو اِسرائیل کے بُزرگوں نے پُوچھا، "آج یَاہوِہ نے ہمیں فلسطینیوں سے شِکست کیوں دِلوائی؟ آؤ ہم یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق شیلوہؔ سے لے آئیں تاکہ وہ ہمارے ساتھ جائے اَور ہمیں ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے بچائیں۔"
4 لہٰذا اُنہُوں نے شیلوہؔ میں آدمی بھیجے اَور وہ اُس قادرمُطلق یَاہوِہ4:4 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لے آئے جو کروبیوں کے درمیان تخت نشین ہے۔ اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ وہاں یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے ساتھ تھے۔
5 اَور جَب یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا تو تمام اِسرائیلیوں نے اِتنے زور سے نعرہ مارا کہ زمین لرز اُٹھی۔ 6 اُس شوروغل کو سُن کر فلسطینیوں نے پُوچھا، "عِبرانیوں کی چھاؤنی میں یہ سَب نعرہ بازی کیسی ہے؟"
اَور جَب اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا ہے 7 تو فلسطینی ڈر گیٔے اَور کہنے لگے، "اُن کی چھاؤنی میں تو ایک معبُود آ گیا ہے۔" مزید کہا "یہ ایک بَلا ہم پر آئی ہے اِس سے پہلے کبھی اَیسا نہیں ہُوا۔ 8 اَب ہماری خیر نہیں! اِن زبردست معبُودوں کے ہاتھ سے ہمیں کون بچائے گا؟ یہ وُہی معبُود ہیں جنہوں نے مِصریوں پر بیابان میں مہلک بَلائیں نازل کیں۔ 9 اَے فلسطینیو! مضبُوط بنو اَور مردانگی کے جوہر دِکھاؤ ورنہ تُم عِبرانیوں کے محکُوم ہو جاؤگے جَیسا کہ وہ اِس وقت تمہارے محکُوم ہیں۔ مردانگی سے کام لو اَور لڑو!"
10 پس فلسطینی لڑے اَور اِسرائیلیوں نے شِکست کھائی اَور ہر ایک آدمی اَپنے اَپنے خیمہ کی طرف بھاگ نِکلا۔ وہاں بہت بڑی خُونریزی ہُوئی جِس میں اِسرائیل کے تیس ہزار پیادے کام آئے۔ 11 خُدا کا صندُوق اِسرائیل کے ہاتھ سے نکل گیا اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی مارے گیٔے۔