جماعت کے رہنما
1 یہ بات سچ ہے کہ جو شخص جماعت میں نگہبان کا عہدہ چاہتاہے وہ اَچھّے کام کی خواہش کرتا ہے۔ 2 لہٰذا نگہبان کو چاہئے کہ وہ بے اِلزام، ایک بیوی کا شوہر، پرہیزگار، خُود پر قابُو رکھنے والا، قابل اِحترام، مُسافر پرور اَور تعلیم دینے کے قابل ہو۔ 3 وہ شرابی اَور مارپیٹ کرنے والا نہ ہو، بَلکہ نرم مِزاج ہو، وہ تکرار کرنے والا اَور زَر دوست نہ ہو۔ 4 وہ اَپنے گھر کا بخُوبی بندوبست کرنے والا اَور اَپنے بچّوں کو بڑی سنجِیدگی کے ساتھ تابع رکھتا ہو۔ 5 کیونکہ اگر کویٔی اَپنے ہی گھر کا بندوبست کرنا نہیں جانتا تو، وہ خُدا کی جماعت کی خبرگیری کیسے کرےگا؟ 6 وہ نَو مُرید نہ ہو، کہ تکبُّر کرکے کہیں وہ اِبلیس کی سِی سزا نہ پایٔے۔ 7 اَور باہر والوں یعنی غَیر مسیحیوں میں بھی اُس کی اَچھّی گواہی ہو، تاکہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ کویٔی اُسے ملامت کرے اَور وہ اِبلیس کے پھندے میں پھنس جائے۔