15 اَور یحزی ایل جماعت سے مُخاطِب ہوکر کہنے لگا: "اَے یہوشافاطؔ بادشاہ اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے تمام باشِندو، سُنو! ’تمہارے لئے یَاہوِہ کا پیغام یہ ہے، اِس لشکرِ جبّار سے خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو کیونکہ یہ جنگ تمہاری نہیں بَلکہ یَاہوِہ کی ہے۔ 16 کل تُم اُن کا سامنا کرنے کے لیٔے جانا۔ وہ صیصؔ کے درّہ کے طرف سے حملہ کرنے کو آ رہے ہوں گے۔ تُم اُنہیں یروئیلؔ کے ریگستان کے سامنے والی وادی کے سِرے پر پاؤگے۔ 17 اَے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ تُمہیں جنگ کرنے کی ضروُرت نہیں۔ بس صفیں باندھ کر اُنہیں دُرست کر لینا اَور چُپ چاپ کھڑے رہنا اَور اُس نَجات کو دیکھنا جو یَاہوِہ تُمہیں مُہیّا کریں گے۔ تُم خوف نہ کرو اَور نہ ہِراساں ہو۔ کل اُن کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے نکلنا کیونکہ یَاہوِہ تمہارے ساتھ ہوں گے۔‘ "
Publicidade