3 سَب سے پہلے تُمہیں یہ جان لینا چاہیے کہ آخِری دِنوں میں راہِ حق کا مذاق اُڑانے والے آئیں گے جو اَپنی نَفسانی بدخواہشات کے مُطابق زندگی گُزاریں گے۔ 4 اَور کہیں گے، "المسیح کے ’آمد کا‘ وعدہ کہاں گیا؟ کیونکہ ہمارے آباؤاَجداد کی وفات سے لے کر اَب تَب سَب کچھ وَیسا ہی چلا آ رہاہے جَیسا کہ دُنیا کی تخلیق کے وقت تھا۔" 5 وہ تو جان بوجھ کر اِس حقیقت کو نظرانداز کرتے ہیں کہ آسمان خُدا کے کلام کے ذریعہ سے قدیم زمانہ سے مَوجُود ہے اَور زمین پانی میں سے بنی اَور پانی میں قائِم ہے۔ 6 اَور پانی ہی سے اُس وقت کی قدیم دُنیا سیلاب میں ڈُوب کر تباہ ہو گئی۔ 7 مگر اِس وقت کے آسمان اَور زمین اُسی خُدا کے کلام کے ذریعہ سے اِس لیٔے رکھے گیٔے ہیں کہ آگ میں جَلائے جایٔیں؛ اَور یہ بے دین اِنسانوں کی عدالت اَور ہلاکت کے دِن تک محفوظ رہیں گے۔