ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد اَور برّہ
1 پھر مَیں نے نگاہ کی تو دیکھا کہ وہ برّہ کوہِ صِیّونؔ پر کھڑا ہے اَور اُس کے ساتھ ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد بھی ہیں جِن کی پیشانی پر برّہ یعنی خُداوؔند یِسوعؔ المسیح اَور اُس کے آسمانی باپ کا نام لِکھّا ہُواہے۔ 2 پھر مَیں نے آسمان سے ایک اَیسی آواز سُنی جو کسی بڑے آبشار اَور گرجتے بادلوں کی مانند تھی۔ یہ اُس آواز کی مانند تھی جو بربط نواز اَپنے سازوں سے نکالتے ہیں۔ 3 وہ تختِ الٰہی کے سامنے اَور چاروں جانداروں اَور بُزرگوں کے آگے ایک نیا نغمہ گا رہے تھے اَور اُن ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد کے سِوا جو دُنیا میں سے خرید لیٔے گیٔے تھے کویٔی اَور اُس نغمہ کو نہ سیکھ سَکا۔ 4 یہ وہ ہیں جنہوں نے اَپنے آپ کو عورتوں کے ساتھ آلُودہ نہیں کیا بَلکہ کنوارے ہیں۔ یہ وہ ہیں جو برّہ کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں، جہاں بھی وہ جاتا ہے۔ وہ آدمیوں میں سے خرید لیٔے گیٔے ہیں تاکہ وہ خُدا اَور برّہ کے لیٔے پہلے پھل ہوں۔ 5 اَور اُن کے مُنہ سے کبھی جھُوٹ نہیں نِکلا۔ وہ بے عیب ہیں۔