ایک لاکھ چوالیس ہزار بندگانِ خُدا پر مُہر
1 اِس کے بعد مَیں نے دیکھا کہ زمین کے چاروں کونوں پر چار فرشتے کھڑے ہیں۔ اَور وہ زمین کی چاروں ہواؤں کو روکے ہویٔے تھے تاکہ زمین یا سمُندر یا کسی درخت پر ہَوا نہ چلے۔ 2 پھر مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو زندہ خُدا کی مُہر لئے ہویٔے مشرق سے اُوپر کی طرف آتے دیکھا۔ اُس نے اُن چاروں فرشتوں سے جنہیں زمین اَور سمُندر کو نُقصان پہُنچانے کا اِختیار دیا گیا تھا بُلند آواز سے پُکار کر کہا، 3 "جَب تک ہم اَپنے خُدا کے بندوں کی پیشانیوں پر مُہر نہ لگا لیں، تَب تک زمین اَور سمُندر اَور درختوں کو نُقصان نہ پہُنچانا۔" 4 پھر مَیں نے سُنا کہ بنی اِسرائیلؔ کے تمام قبیلوں میں سے جِن لوگوں پر مُہر کی گئی تھی اُن کا شُمار ایک لاکھ چوالیس ہزار تھا۔
5 یہُوداہؔ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار،
رُوبِنؔ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
گادؔ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
6 آشؔر کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
نفتالی کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
منشّہ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
7 شمعُونؔ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
لیوی کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
یِسَّکاؔر کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
8 زبُولُون کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
یُوسیفؔ کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
بِنیامین کے قبیلہ میں سے بَارہ ہزار پر مُہر کی گئی۔