پطرس کا مجمع کو خِطاب
14 اِس پر پطرس باقی گیارہ رسولوں کے ساتھ، کھڑے ہو گئے اَور اُونچی آواز میں لوگوں سے یُوں خِطاب کیا: "اَے یہُودیوں اَور یروشلیمؔ کے تمام باشِندو، میری بات توجّہ سے سُنو؛ میں بتاتا ہُوں کہ یہاں کیا ہو رہاہے۔ 15 جَیسا تُم سمجھ رہے ہو، یہ آدمی نشہ میں نہیں ہیں کیونکہ ابھی تو صُبح کے نَو ہی بجے ہیں۔ 16 بَلکہ، یہ وہ بات ہے جو یوُایلؔ نبی کی مَعرفت کہی گئی تھی:
17 " ’آخِری دِنوں میں، خُدا کا فرمان ہے،
مَیں تمام لوگوں پر اَپنا رُوح نازل کروں گا۔
اَور تمہارے بیٹے اَور تمہاری بیٹیاں نبُوّت کریں گی،
تمہارے نوجوان رُویا،
اَور تمہارے بُزرگ خواب دیکھیں گے۔