Pular para o conteúdo
Publicidade

Atos 3

پطرس نے ایک مفلُوج فقیر کو شفا بخشی

1 ایک دِن پطرس اَور یُوحنّا دعا کے وقت جَب کہ تین بج چُکے تھے، بیت المُقدّس کو جا رہے تھے۔ 2 اَور لوگ ایک آدمی کو جو پیدائشی لنگڑا تھا بیت المُقدّس کے ایک خُوبصورت نامی دروازے پر چھوڑ جاتے تھے، جہاں وہ بیت المُقدّس کے صحنوں میں ہر روز اَندر جانے والوں سے بھیک مانگا کرتا تھا۔ 3 جَب اُس نے پطرس اَور یُوحنّا کو بیت المُقدّس میں داخل ہوتے دیکھا، تو اُن بڑی حسرت سے بھیک مانگنے لگا۔ 4 پطرس اَور یُوحنّا نے اُس کی طرف مُتوجّہ ہوکر اُس سے فرمایا، "ہماری طرف دیکھ!" 5 وہ اِس اُمّید پر کہ اُسے اُن سے کچھ ملے گا، اُن کی طرف مُتوجّہ ہُوا۔

6 تَب پطرس نے فرمایا، "چاندی سونا تو میرے پاس ہے نہیں، لیکن جو میرے پاس ہے مَیں تُجھے دئیے دیتا ہُوں۔ تو یِسوعؔ المسیح ناصری کے نام سے اُٹھ اَور چل پھر۔" 7 پطرس نے جَیسے ہی اُس کا داہنا ہاتھ پکڑکر، اُسے اُٹھایا، اُس کے پاؤں اَور ٹخنوں میں قُوّت آ گئی 8 وہ اُچھل کر کھڑا ہو گیا اَور چلنے پھرنے لگا۔ پھر وہ کُودتا پھاندتا، اَور خُدا کی تعریف کرتا ہُوا، اُن کے ساتھ بیت المُقدّس کے صحنوں میں داخل ہو گیا۔ 9 اَور سَب لوگوں نے جو وہاں مَوجُود تھے اُسے چلتے پھرتے اَور خُدا کی حَمد کرتے دیکھ کر، 10 اُنہُوں نے اُسے پہچان لیا کہ یہ تو وُہی ہے جو بیت المُقدّس کے خُوبصورت نامی دروازے پر بیٹھا بھیک مانگا کرتا تھا، اُس کے ساتھ پیش آئے اِس واقعہ کو دیکھ کر بڑی ہی حیرت میں پڑ گیٔے۔

Veja também