پطرس کی مَجالس عالیہ میں پیشی سے قبل
1 ابھی پطرس اَور یُوحنّا لوگوں سے کلام ہی کر رہے تھے کہ کچھ کاہِنؔ بیت المُقدّس کے رہنما اَور بعض صدُوقی4:1 صدُوقی یہُودیوں کا ایک فرقہ جو شَریعتِ مُوسوی کو مانتا تھا مگر فرشتوں، رُوحوں اَور قیامت کا مُنکر تھا۔ یہ فرقہ فریسیوں کا اَور حضرت یِسوعؔ کا بھی مُخالف تھا۔ وہاں پہُنچے۔ 2 وہ سخت رنجیدہ تھے کیوں کہ رسول لوگوں کو یہ تعلیم دیتے تھے، جِس طرح یِسوعؔ مُردوں میں سے زندہ ہوگیٔے ہیں اُسی طرح سَب لوگ موت کے بعد زندہ ہو جایٔیں گے۔ 3 اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّا کو گِرفتار کر لیا اَور چونکہ شام کا وقت تھا، اُنہیں اگلے دِن تک کے لیٔے قَیدخانہ میں ڈال دیا۔