12 اَور خُوشی سے خُدا باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے تُمہیں1:12 تُمہیں کُچھ قدیمی مخطوطات میں ہم لِکھّا ہے۔ نُور کی بادشاہی میں اَپنے مُقدّس لوگوں کی مِیراث میں شامل ہونے کے لائق بنایا، 13 کیونکہ خُدا نے ہمیں تاریکی کے قبضہ سے چُھڑا کر اَپنے عزیز بیٹے کی بادشاہی میں داخل کیا ہے، 14 اُسی عزیز بیٹے کے ذریعہ ہمیں مخلصی، یعنی گُناہوں کی مُعافی مِلی ہے۔
حُضُور یِسوعؔ المسیح کی عظمت
15 اِبن خُدا پوشیدہ خُدا کی صورت اَور تمام مخلُوقات میں پہلوٹھے ہیں۔ 16 کیونکہ المسیح کے وسیلہ سے سَب کچھ خلق کیا گیا: چاہے وہ چیزیں آسمان کی ہوں یا زمین کی، نموُدار ہوں یا پوشیدہ، شاہی تخت ہوں یا اُن کی قُوّتیں، حُکمران ہوں یا تمام صاحبِ اِختیار؛ سَب چیزیں المسیح کے ذریعہ اَور اُن ہی کے خاطِر پیدا ہُوئی ہیں۔ 17 وہ سَب چیزوں سے پہلے ہیں اَور المسیح میں ہی سَب چیزیں قائِم ہیں۔