حُضُور یِسوعؔ المسیح کی عظمت
15 اِبن خُدا پوشیدہ خُدا کی صورت اَور تمام مخلُوقات میں پہلوٹھے ہیں۔ 16 کیونکہ المسیح کے وسیلہ سے سَب کچھ خلق کیا گیا: چاہے وہ چیزیں آسمان کی ہوں یا زمین کی، نموُدار ہوں یا پوشیدہ، شاہی تخت ہوں یا اُن کی قُوّتیں، حُکمران ہوں یا تمام صاحبِ اِختیار؛ سَب چیزیں المسیح کے ذریعہ اَور اُن ہی کے خاطِر پیدا ہُوئی ہیں۔ 17 وہ سَب چیزوں سے پہلے ہیں اَور المسیح میں ہی سَب چیزیں قائِم ہیں۔ 18 اَور وُہی بَدن یعنی جماعت کا سَر ہیں اَور وُہی پہلے مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھے ہیں تاکہ سَب چیزوں میں پہلا درجہ اُن ہی کا ہو۔ 19 کیونکہ خُدا کو یہ پسند آیا کہ خُدا کی ساری معموُری المسیح میں سکونت کرے، 20 اَور المسیح کے صلیب پر بہائے گیٔے خُون کے وسیلے سے، سَب چیزوں کا چاہے وہ آسمان کی ہوں، یا زمین کی، اَپنے ساتھ صُلح کر لے۔