18 اِس لیٔے میرے اِن الفاظ کو اَپنے دِل و دماغ پر نقش کر لو اَور تُم اُنہیں اَپنے ہاتھوں پر نِشان کے طور پر باندھنا اَور اَپنی پیشانیوں پر ٹیکوں کی طرح لگا لو۔ 19 گھر میں بیٹھتے، راہ پر چلتے، لیٹتے اَور اُٹھتے ہویٔے، تُم اِن کا ذِکر کیا کرنا؛ اَور اُنہیں اَپنے بچّوں کو سِکھایا کرنا۔ 20 تُم اُنہیں اَپنے مکانوں کے دروازوں کی چوکھٹوں پر اَور اَپنے پھاٹکوں پر کندہ کرنا۔ 21 تاکہ جَب تک آسمان اَور زمین قائِم ہیں، تمہاری اَور تمہارے اَولاد کی عمر اُس مُلک میں دراز ہو، جسے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔
Publicidade