تَوبہ کے بعد خُوشحالی
1 جَب یہ سَب برکتیں اَور لعنتیں جنہیں مَیں نے تمہارے سامنے رکھّی ہیں تُم پر نازل ہو جایٔیں اَور جِن قوموں مَیں یَاہوِہ تُمہیں پراگندہ کریں، اَور اِن سَب باتوں کی اُن مُلکوں میں تُمہیں یاد آئے، 2 اَور جَب تُم اَور تمہاری اَولاد دونوں یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف رُجُوع کرو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن کے اَحکام پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کرو، 3 تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہاری آزادی کو بحال کریں گے، اَور تُم پر رحم کریں گے اَور تُمہیں اُن تمام قوموں میں سے پھر سے جمع کریں گے جِن میں اُنہُوں نے تُمہیں پراگندہ کیا تھا۔ 4 اگر تمہارے لوگ دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی جَلاوطن کیٔے گیٔے ہوں، تو بھی وہاں سے یعنی آسمان کے نیچے سے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں جمع کرکے واپس لے آئیں گے۔ 5 یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں لے آئیں گے جو تمہارے آباؤاَجداد کے قبضہ میں تھا، اَور تُم اُس پر قابض ہو جاؤگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں تمہارے آباؤاَجداد سے زِیادہ خُوشحال کریں گے اَور اُن سے زِیادہ تمہاری تعداد بھی بڑھائیں گے۔