25 پس جھُوٹ بولنا چھوڑکر ہر شخص اَپنے پڑوسی سے سچ بولے، کیونکہ ہم سَب ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں۔ 26 "غُصّہ تو کرو مگر تُم گُناہ سے باز رہو،"4:26 زبُور 4:4 اَور تمہارا غُصّہ سُورج کے ڈُوبنے تک باقی نہیں رہنا چاہیے، 27 اِبلیس کو فائدہ اُٹھانے کا موقع مت دو۔ 28 چوری کرنے والا آئندہ چوری نہ کرے، بَلکہ کویٔی اَچھّا پیشہ اِختیار کرکے اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، تاکہ مُحتاجوں کی مدد کرنے کے لیٔے اُس کے پاس کچھ ہو۔
29 تمہارے مُنہ سے کویٔی بُری بات نہ نکلے، بَلکہ اَچھّی بات ہی نکلے جو ضروُرت کے مُوافق ترقّی کا باعث ہو، تاکہ سُننے والوں پر فضل ہو۔ 30 خُدا کے پاک رُوح کو رنجیدہ مت کرو، کیونکہ خُدا نے تُم پر مُہر لگائی ہے کہ تُم اِنصاف کے دِن مخلصی پا سکو۔ 31 ہر قِسم کا کینہ، قہر، غُصّہ، تکرار اَور کُفر، ساری دُشمنی سمیت اَپنے سے دُور کر دو۔ 32 اَور ہر ایک کے ساتھ مہربانی اَور نرم دِلی سے پیش آؤ، جِس طرح خُدا نے المسیح میں تمہارے قُصُور مُعاف کیٔے ہیں، تُم بھی ایک دُوسرے کے قُصُور مُعاف کر دیا کرو۔