11 لیکن مَوشہ نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے رحم کی درخواست کرتے ہویٔے کہا، "اَے یَاہوِہ! آپ کا غضب اَپنے لوگوں کے خِلاف کیوں بھڑکے جنہیں آپ نے عظیم قُوّت اَور قوی ہاتھ سے مِصر سے نکال لائے؟ 12 مِصریوں کو یہ کہنے کا موقع کیوں ملے، ’عِبرانیوں کا خُدا اُنہیں بُرے اِرادہ سے نکال لے گیا تاکہ اُنہیں پہاڑوں میں مار ڈالے، رُوئے زمین پر سے مٹا ڈالے؟‘ لہٰذا اَپنے شدید قہر سے باز رہو اَور اَپنے لوگوں پر آفت نازل نہ کرو۔ 13 اَپنے خادِم اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور اِسرائیل32:13 اِسرائیل یعقوب کا نام کو یاد کرو جِن سے آپ نے اَپنی ہی قَسم کھا کر کہاتھا: ’مَیں تمہاری نَسل کو آسمان کے تاروں کی مانند بڑھاؤں گا اَور یہ سارا مُلک جِس کا مَیں نے اُن سے وعدہ کیا تمہاری نَسل کو دُوں گا اَور وہ ہمیشہ کے لیٔے اِس کے وارِث ہوں گے۔‘ " 14 تَب یَاہوِہ اَپنے قہر و غضب سے باز آئے اَور اُنہُوں نے اَپنے لوگوں پر وہ آفت نازل نہ کی جِس کی اُنہُوں نے دھمکی دی تھی۔