Pular para o conteúdo
Publicidade

Gênesis 18

23 تَب اَبراہامؔ نے یَاہوِہ کے نزدیک جا کر کہا: "کیا آپ راستبازوں کو بھی بدکاروں کے ساتھ نِیست و نابود کر دیں گے؟ 24 اگر اُس شہر میں پچاس راستباز ہُوں تو کیا ہوگا؟ کیا آپ واقعی اُسے تباہ کر ڈالیں گے اَور اُن پچاس راستبازوں کی خاطِر، جو اُس میں ہوں گے اُسے نہیں بخشیں گے؟ 25 آپ یہ ہرگز نہ ہونے دیں گے، راستبازوں کو بدکاروں کے ساتھ مار دیا جائے اَور راستبازوں اَور بدکاروں دونوں کے ساتھ یکساں سلُوک کیا جائے۔ آپ اَیسا ہرگز نہ ہونے دیں گے! کیا ساری دُنیا کا مُنصِف اِنصاف سے کام نہ لے گا؟"

26 یَاہوِہ نے فرمایا، "اگر مَیں نے سدُومؔ کے شہر میں پچاس راستباز اِنسان بھی پایٔے تو مَیں اُن کی خاطِر اُس سارے مقام کو بخش دُوں گا۔"

27 تَب اَبراہامؔ نے پھر کہا: "حالانکہ مَیں خاک اَور راکھ کے سِوا کچھ بھی نہیں ہُوں تو بھی مَیں نے اِتنی جُرأت کی کہ آقا سے بات کر سکوں۔ 28 اگر راستبازوں کی تعداد پینتالیس نکلے تو کیا آپ پانچ لوگوں کی خاطِر سارے شہر کو تباہ کر دیں گے؟"

یَاہوِہ نے جَواب دیا، "اگر مُجھے وہاں پینتالیس راستباز بھی مِل جایٔیں گے تو مَیں اُسے تباہ نہ کروں گا۔"

29 اَبراہامؔ نے ایک بار پھر کہا، "اگر وہاں صرف چالیس ملیں تو؟"

یَاہوِہ نے جَواب دیا، "چالیس کی خاطِر بھی مَیں شہر کو تباہ نہ کروں گا۔"

30 تَب اَبراہامؔ نے کہا، "اَے آقا! اگر آپ خفا نہ ہو تو مَیں کچھ عرض کروں، اگر وہاں صِرف تیس راستباز ہی مِل سکے تو کیا ہوگا؟"

یَاہوِہ نے جَواب دیا، "اگر مُجھے وہاں تیس بھی ملے، تَب بھی مَیں شہر کو تباہ نہ کروں گا۔"

31 اَبراہامؔ نے کہا، "اَے آقا، اَب تو مَیں زبان کھولنے کی جُرأت کر ہی چُکا ہُوں لہٰذا پُوچھتا ہُوں کہ اگر وہاں صِرف بیس مِل جائیں تو کیا ہوگا؟"

اُنہُوں نے فرمایا، "مَیں بیس کی خاطِر بھی اُسے تباہ نہ کروں گا۔"

32 تَب اَبراہامؔ نے کہا، "اگر آقا، خفا نہ ہو تو مَیں صِرف آخِری مرتبہ پھر عرض کروں! اگر وہاں صِرف دس ہی مِل سکے تو؟"

اُنہُوں نے جَواب دیا، "مَیں دس کی خاطِر بھی اُسے تباہ نہ کروں گا۔"

33 جَب یَاہوِہ اَبراہامؔ سے باتیں کرچکے تو وہ چلےگئے اَور اَبراہامؔ گھر لَوٹ آئے۔

Veja também