Pular para o conteúdo
Publicidade

پیدائش 26

اِصحاقؔ اَور اَبی ملیخ

1 پھر مُلک میں قحط پڑا جو اُس پہلے قحط کے علاوہ تھا جو اَبراہامؔ کے ایّام میں پڑا تھا۔ اِس لیٔے اِصحاقؔ گِراؔر میں فلسطینی بادشاہ اَبی ملیخ کے پاس چلےگئے۔ 2 تَب یَاہوِہ اِصحاقؔ پر ظاہر ہویٔے اَور فرمایا، "مِصر کو نہ جانا بَلکہ جہاں میں تُمہیں رہنے کو کہُوں وہیں رہنا۔ 3 تُم اِس مُلک میں کچھ عرصہ کے لیٔے رہو اَور مَیں تمہارے ساتھ رہُوں گا اَور تُمہیں برکت دُوں گا۔ میں یہ تمام مُلک تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو دے کر وہ قَسم پُوری کروں گا جو مَیں نے تمہارے باپ اَبراہامؔ سے کھائی تھی۔ 4 مَیں تمہاری اَولاد کو آسمان کے تاروں کی طرح بڑھاؤں گا اَور اُنہیں یہ تمام مُلک دُوں گا اَور تمہاری نَسل کے وسیلہ سے دُنیا کی سَب قومیں برکت پائیں گی، 5 کیونکہ اَبراہامؔ نے میری باتیں مانیں اَور میرے اَحکام میرے قوانین اَور میری ہدایات پر عَمل کیا۔" 6 چنانچہ اِصحاقؔ گِراؔر میں مُقیم ہو گئے۔

7 جَب وہاں کے باشِندوں نے اُن سے اُن کی بیوی کے متعلّق پُوچھا تَب آپ نے کہا، "وہ میری بہن ہے،" کیونکہ وہ یہ کہنے سے ڈرتے تھے، "وہ میری بیوی ہے۔" اِصحاقؔ نے سوچا، "اِس جگہ کے لوگ رِبقہؔ کی وجہ سے مُجھے قتل نہ کر ڈالیں کیونکہ رِبقہؔ خُوبصورت ہے۔"

8 جَب اِصحاقؔ کو وہاں رہتے ہویٔے کافی عرصہ گزر گیا تَب فلسطینی بادشاہ اَبی ملیخ نے ایک کھڑکی سے نیچے جھانک کر دیکھا کہ اِصحاقؔ اَپنی بیوی رِبقہؔ سے لاڈ پیار کر رہاہے۔

Veja também