انگور کی بیل اَور شاخیں
1 "میں انگور کی حقیقی بیل ہُوں، اَور میرا باپ باغبان ہے۔ 2 میری جو شاخ پھل نہیں لاتی وہ اُسے کاٹ ڈالتا ہے، اَورجو پھل لاتی ہے اُسے تراشتا ہے تاکہ وہ زِیادہ پھل لایٔے۔ 3 تُم اُس کلام کے باعث جو مَیں نے تُم سے کیا ہے پہلے ہی پاک صَاف ہو چُکے ہو۔ 4 تُم مُجھ میں قائِم رہو تو میں بھی تُم میں قائِم رہُوں گا۔ کویٔی شاخ اَپنے آپ پھل نہیں لاتی؛ اُس شاخ کا انگور کی بیل سے پیوستہ رہنا لازِم ہے۔ تُم بھی مُجھ میں قائِم رہے بغیر پھل نہیں لا سکتے۔
5 "انگور کی بیل میں ہُوں اَور تُم میری شاخیں ہو۔ جو مُجھ میں قائِم رہتاہے اَور مَیں اُس میں وہ خُوب پھل لاتا ہے؛ مُجھ سے جُدا ہوکر تُم کُچھ نہیں کر سکتے۔