ایک پیدائشی اَندھے کا بینائی پانا
1 جَب یِسوعؔ جا رہے تھے تو آپ نے ایک آدمی کو دیکھا جو پیدائشی اَندھا تھا۔ 2 آپ کے شاگردوں نے یِسوعؔ سے پُوچھا، "ربّی، کِس نے گُناہ کیا تھا، اِس نے یا اِس کے والدین نے جو یہ اَندھا پیدا ہُوا؟"
3 یِسوعؔ نے فرمایا، "نہ تو اِس آدمی نے گُناہ کیا تھا نہ اِس کے والدین نے، لیکن یہ اِس لیٔے اَندھا پیدا ہُوا کہ خُدا کا کام اِس میں ظاہر ہو۔ 4 جِس نے مُجھے بھیجا ہے اُس کا کام ہمیں دِن ہی دِن میں کرنا لازِم ہے۔ وہ رات آ رہی ہے جِس میں کویٔی شخص کام نہ کر سکےگا۔ 5 جَب تک میں دُنیا میں ہُوں، دُنیا کا نُور ہُوں۔"
6 یہ کہہ کر یِسوعؔ نے زمین پر تھُوک کرمٹّی سانی اَور اُس آدمی کی آنکھوں پر لگا دی 7 اَور اُنہُوں نے اَندھے سے فرمایا، "جا، سِلومؔ9:7 سِلومؔ اِسے عِبرانی میں شیلوخ اَور کچھ نوشتوں میں سِلومؔ بھی لِکھّا ہے۔ کے حوض میں دھولے" (سِلومؔ کا مطلب ہے "بھیجا ہُوا")۔ لہٰذا وہ آدمی چلا گیا۔ اُس نے اَپنی آنکھیں دھوئیں اَور بینا ہوکر واپس آیا۔