حُضُور یِسوعؔ کی وِلادت کی پیشن گوئی
26 اِلیشاَبیتؔ کے حَمل کے چھٹے مہینے میں، خُدا نے گیبریلؔ فرشتہ کو گلِیل صُوبہ کے ایک شہر ناصرتؔ میں، 27 ایک کنواری کے پاس بھیجا جِن کی منگنی حضرت یُوسیفؔ نام کے ایک مَرد سے ہو چُکی تھی، جو حضرت داویؔد کی نَسل سے تھے۔ اُس کنواری کا نام حضرت مریمؔ تھا۔ 28 فرشتہ نے اُن کے پاس آکر کہا، "سلام، آپ پر بڑا فضل ہُواہے! خُداوؔند آپ کے ساتھ ہے۔"
29 حضرت مریمؔ، فرشتہ کا کلام سُن کر بہت گھبرا گئیں اَور سوچنے لگیں کہ یہ کیسا سلام ہے۔ 30 لیکن فرشتہ نے اُن سے کہا، "اَے مریمؔ! خوف نہ کر؛ آپ پر خُدا کا فضل ہُواہے۔ 31 آپ حاملہ ہوں گی اَور آپ کو ایک بیٹا پیدا ہوگا۔ آپ اُن کا نام یِسوعؔ1:31 یِسوعؔ عِبرانی زبان میں یِشُوعؔ ہے جِس کے معنی یَاہوِہ نَجات دینے والا ہے۔ رکھنا۔ 32 وہ عظیم ہوں گے اَور خُداتعالیٰ کا بیٹا کہلایٔیں گے۔ خُداوؔند خُدا اُن کے باپ حضرت داویؔد کا تخت اُنہیں دے گا، 33 اَور وہ حضرت یعقوب کے گھرانے پر ہمیشہ تک بادشاہی کریں گے؛ اُن کی بادشاہی کبھی ختم نہ ہوگی۔"
34 حضرت مریمؔ نے فرشتہ سے پُوچھا، "یہ کس طرح ہوگا، میں تو ابھی کنواری ہی ہُوں؟"
35 فرشتہ نے جَواب دیا، "پاک رُوح آپ پر نازل ہوگا، اَور خُداتعالیٰ کی قُدرت آپ پر سایہ ڈالے گی۔ اِس لیٔے وہ قُدُّوس جو پیدا ہونے والے ہیں، خُدا کا بیٹا کہلایٔیں گے۔ 36 اَور دیکھو، آپ کی رشتہ دار، اِلیشاَبیتؔ کے بُڑھاپے میں بھی بیٹا ہونے والا ہے، جنہیں لوگ بانجھ کہتے تھے وہ چھ ماہ سے حاملہ ہیں۔ 37 کیونکہ خُدا کا کویٔی بھی کلام کبھی ناکام نہیں ہوتا۔"
38 حضرت مریمؔ نے جَواب دیا، "میں تو خُداوؔند کی بندی ہُوں، جَیسا آپ نے مُجھ سے کہا ہے وَیسا ہی ہو۔" تَب فرشتہ اُن کے پاس سے چلا گیا۔