25 تَب ایک شَریعت کا عالِم اُٹھا اَور یِسوعؔ کو آزمانے کی غرض سے کہنے لگا۔ اَے اُستاد، "مُجھے اَبدی زندگی کا وارِث بننے کے لیٔے کیا کرنا ہوگا؟"
26 یِسوعؔ نے اُس سے کہا، "شَریعت میں کیا لِکھّا ہے؟ تُم اُسے کس طرح پڑھتے ہو؟"
27 اُس نے جَواب دیا، " ’خُداوؔند اَپنے خُدا سے اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان اَور اَپنی ساری طاقت اَور اَپنی ساری عقل سے مَحَبّت رکھو‘10:27 اِست 5:6 اَور ’اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھنا۔‘10:27 اَحبا 19:18"
28 یِسوعؔ نے اُس سے کہا، "تُونے ٹھیک جَواب دیا ہے۔ یہی کر تو تُو زندہ رہے گا۔"
29 مگر اُس نے اَپنی راستبازی جتانے کی غرض سے، یِسوعؔ سے پُوچھا، "میرا پڑوسی کون ہے؟"
30 یِسوعؔ نے جَواب میں کہا: "ایک آدمی یروشلیمؔ سے یریحوؔ جا رہاتھا کہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں میں جا پڑا۔ اُنہُوں نے اُس کے کپڑے اُتار لیٔے، اُسے مارا پِیٹا اَور زخمی کر دیا اَور ادھ مُوأ چھوڑکر چلے گیٔے۔ 31 اِتّفاقاً ایک کاہِنؔ اُس راہ سے جا رہاتھا، اُس نے زخمی کو دیکھا، مگر کَترا کرچلاگیا۔ 32 اِسی طرح، ایک لیوی، بھی اِدھر آ نِکلا اَور اُسے دیکھ کر، کَترا کرچلاگیا۔ 33 پھر ایک سامری، جو سفر کر رہاتھا، وہاں نِکلا؛ زخمی کو دیکھ کر اُسے بڑا ترس آیا۔ 34 وہ اُس کے پاس گیا اَور اُس کے زخموں پر تیل اَور انگوری شِیرہ لگا کر اُنہیں باندھا اَور زخمی کو اَپنے گدھا پر بِٹھا کر سرائے میں لے گیا اَور اُس کی تیمار داری کی۔ 35 اگلے دِن اُس نے دو دینار10:35 دو دینار قدیم زمانے میں ایک دینار ایک دِن کی مزدُوری ہُوا کرتی تھی۔ (دیکھئے مت 20:2) نکال کر سرائے کے رکھوالے کو دئیے اَور کہا، ’اِس کی دیکھ بھال کرنا، اَور اگر خرچہ زِیادہ ہُوا تو، میں واپسی پر اَدا کر دُوں گا۔‘
36 "تمہاری نظر میں اِن تینوں میں سے کون اُس شخص کا جو ڈاکوؤں کے ہاتھوں میں جا پڑا تھا، پڑوسی ثابت ہُوا؟"
37 شَریعت کے عالِم نے جَواب دیا، "وہ جِس نے اُس کے ساتھ ہمدردی کی۔"
یِسوعؔ نے اُس سے کہا، "جا تُو بھی اَیسا ہی کر۔"