Pular para o conteúdo
Publicidade

Lucas 18

ایک اَندھے بھکاری کا بینائی پانا

35 اَور اَیسا ہُوا کہ جَب یِسوعؔ یریحوؔ کے نزدیک پہُنچے، تو ایک اَندھا راہ کے کنارے بیٹھا بھیک مانگ رہاتھا۔ 36 جَب اُس نے ہُجوم کے گزرنے کی آواز سُنی تو وہ پُوچھنے لگاکہ یہ کیا ہو رہاہے؟ 37 لوگوں نے اُسے بتایا، "یِسوعؔ ناصری جا رہے ہیں۔"

38 اُس نے چِلّاکر کہا، "اَے اِبن داویؔد یِسوعؔ! مُجھ پر رحم فرمائیے!"

39 جو لوگ ہُجوم کی رہنمائی کر رہے تھے اُسے ڈانٹنے لگے کہ خاموش ہو جاؤ، مگر وہ اَور بھی زِیادہ چِلّانے لگا، "اَے اِبن داویؔد، مُجھ پر رحم کیجئے!"

40 یِسوعؔ نے رُک کر حُکم دیا کہ اُس آدمی کو میرے پاس لاؤ۔ جَب وہ پاس آیا تو یِسوعؔ نے اُس سے پُوچھا، 41 "تُو کیا چاہتاہے کہ مَیں تیرے لیٔے کروں؟"

اُس نے کہا، "اَے خُداوؔند! میں اَپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتا ہُوں؟"

42 یِسوعؔ نے اُس سے کہا، "تمہاری آنکھوں میں رَوشنی آ جائے، تمہارے ایمان نے تُمہیں اَچھّا کر دیا ہے۔" 43 وہ اُسی دَم دیکھنے لگا اَور خُدا کی تمجید کرتا ہُوا یِسوعؔ کا پیروکار بن گیا۔ یہ دیکھ کر سارے لوگ خُدا کی حَمد کرنے لگے۔

Veja também