6 کسی اَور سَبت کے دِن حُضُور یہُودی عبادت گاہ میں جا کر تعلیم دے رہے تھے، وہاں ایک آدمی تھا جِس کا داہنا ہاتھ سُوکھا ہُوا تھا۔ 7 شَریعت کے عالِم اَور فرِیسی یِسوعؔ کی تاک میں تھے اِس لیٔے حُضُور کو قریب سے دیکھنے لگے کہ اگر حُضُور سَبت کے دِن اُس آدمی کو شفا بخشیں تو فرِیسی حُضُور پر اِلزام لگاسکیں۔ 8 لیکن یِسوعؔ کو اُن کے خیالات مَعلُوم ہو گئے اَور اُس سُوکھے ہاتھ والے آدمی سے کہا، "اُٹھو اَور سَب کے بیچ میں کھڑے ہو جاؤ۔" وہ اُٹھا اَور کھڑا ہو گیا۔
9 تَب یِسوعؔ نے اُن سے کہا، "میں تُم سے یہ پُوچھتا ہُوں: سَبت کے دِن نیکی کرنا روا ہے یا بدی کرنا، جان بچانا یا ہلاک کرنا؟"
10 اَور حُضُور نے اُن سَب پر نظر کرکے، اُس آدمی سے کہا، "اَپنا ہاتھ بڑھا۔" اُس نے بڑھایا اَور اُس کا ہاتھ بالکُل ٹھیک ہو گیا۔