Pular para o conteúdo
Publicidade

Marcos 5

حُضُور یِسوعؔ کا ایک بدرُوح گرفت کو بحال کرنا

1 یِسوعؔ جھیل کے پار گِراسینیوں5‏:1 گِراسینیوں کچھ نوشتوں میں گدرینیوں؛ دیگر نوشتوں میں گیرگے سینیس ہے۔‏ کے علاقہ میں پہُنچے۔ 2 جَب وہ کشتی سے اُترے، ایک آدمی جِس میں بدرُوح تھی قبر سے نکل کر آپ کے پاس آیا۔ 3 یہ آدمی قبروں میں رہتا تھا، اَور اَب اُسے زنجیروں میں باندھنا بھی ناممکن ہو گیا تھا۔ 4 کیونکہ پہلے کیٔی بار وہ بِیڑیوں اَور زنجیروں سے جکڑا گیا تھا، لیکن وہ زنجیروں کو توڑ ڈالتا اَور بِیڑیوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا تھا۔ اَور کویٔی اُسے قابُو میں نہ لا سَکتا تھا۔ 5 وہ دِن رات قبروں اَور پہاڑوں میں برابر چیختا چِلّاتا رہتا تھا اَور اَپنے آپ کو پتھّروں سے زخمی کر لیتا تھا۔

6 جَب بدرُوح نے دُور سے یِسوعؔ کو دیکھا، تو دَوڑکر آپ کے پاس پہُنچی اَور آپ کے سامنے سَجدہ میں گِر کر 7 چِلّا چِلّاکر کہا، "اَے یِسوعؔ خُداتعالیٰ کے بیٹے، آپ کو مُجھ سے کیا کام، آپ کو خُدا کی قَسم؟ مُجھے عذاب میں نہ ڈالیں!" 8 بات دراصل یہ تھی کہ آپ نے اُس سے کہاتھا، "اَے بدرُوح، اِس آدمی میں سے باہر نکل آ!"

9 آپ نے بدرُوح سے پُوچھا، "تیرا نام کیا ہے؟"

اُس نے جَواب دیا، "میرا نام لشکر ہے، کیونکہ ہماری تعداد بہت زِیادہ ہے۔" 10 بدرُوح نے آپ کی مِنّت کی کہ ہمیں اِس علاقہ سے باہر نہ بھیج۔

11 وہیں پہاڑی کے پاس سُؤروں کا ایک بڑا غول چَر رہاتھا۔ 12 بدرُوحیں آپ سے مِنّت کرنے لگیں، "ہمیں اُن سُؤروں، میں بھیج دیجئے؛ تاکہ ہم اُن میں داخل ہو جایٔیں۔" 13 چنانچہ آپ کی اِجازت سے، بدرُوحیں اُس آدمی میں سے نکل کر سُؤروں میں داخل ہو گئیں۔ اَور اُس غول، کے سارے سُؤر جِن کی تعداد تقریباً دو ہزار تھی، ڈھلان سے جھیل کی طرف لپکے اَور پانی میں گِر کر ڈُوب مَرے۔

14 سُؤر چَرانے والے وہاں سے بھاگ کھڑے ہویٔے اَور اُنہُوں نے شہر اَور دیہات میں، اِس بات کی خبر پہُنچائی لوگ یہ ماجرا دیکھنے کے لیٔے دَوڑے چلے آئے۔

Veja também