حُضُور یِسوعؔ کے اصل ماں اَور بھایٔی
46 یِسوعؔ ہُجوم سے ابھی بات کر ہی رہے تھے کہ حُضُور کی ماں اَور اُن کے بھایٔی اُن سے مُلاقات کرنے کے لیٔے وہاں پہُنچے اَور باہر کھڑے ہُوئے تھے۔ 47 کسی نے حُضُور کو خبر دی کہ دیکھئے، "آپ کی ماں اَور آپ کے بھایٔی باہر کھڑے ہیں اَور آپ سے مُلاقات کرنا چاہتے ہیں۔"
48 حُضُور نے خبر لانے والے سے فرمایا، "کون ہے میری ماں اَور کون ہیں میرا بھایٔی؟" 49 تَب حُضُور نے اَپنے شاگردوں کی طرف اِشارہ کرکے فرمایا، "دیکھو! یہ میری ماں اَور میرے بھایٔی ہیں۔ 50 کیونکہ جو کویٔی میرے آسمانی باپ کی مرضی پر چلے وُہی میرا بھایٔی، میری بہن اَور میری ماں ہے۔"