دو اَندھوں کا بینائی پانا
29 جَب یِسوعؔ اَور اُن کے شاگرد یریحوؔ سے نکل رہے تھے تو ایک بڑا ہُجوم حُضُور کے پیچھے ہو لیا۔ 30 دو اَندھے راہ کے کنارے بیٹھے ہُوئے تھے۔ جَب اُنہُوں نے سُنا کہ یِسوعؔ وہاں سے گزر رہے ہیں تو وہ چِلّانے لگے، "اَے خُداوؔند، اِبن داویؔد! ہم پر رحم کیجئے!"
31 ہُجوم نے اُسے ڈانٹا کہ خاموش ہو جاؤ، مگر وہ اَور بھی چِلّانے لگے، "اَے خُداوؔند، اَے اِبن داویؔد! ہم پر رحم کیجئے!"
32 یِسوعؔ رُک گیٔے اَور اُنہیں بُلاکر پُوچھا، "بتاؤ! مَیں تمہارے لیٔے کیا کروں؟"
33 اُنہُوں نے جَواب دیا، "خُداوؔند! ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنکھیں کھُل جایٔیں۔"
34 یِسوعؔ نے رحم کھا کر اُن کی آنکھوں کو چھُوا اَور وہ فوراً دیکھنے لگے اَور یِسوعؔ کے کا پیروکار بن گئے۔