اَنجیر کے درخت پر حُضُور کی لعنت
18 اَور جَب صُبح کو پھر یِسوعؔ شہر کی طرف جا رہے تھے تو آپ کو بھُوک لگی۔ 19 حُضُور نے راہ کے کنارے اَنجیر کا درخت دیکھا اَور وہ نزدیک پہُنچا تو سِوائے پتّوں کے اُس میں اَور کُچھ نہ پایا۔ لہٰذا آپ نے درخت سے فرمایا، "آئندہ تُجھ میں کبھی پھل نہ لگے۔" اَور اُسی وقت اَنجیر کا درخت سُوکھ گیا۔
20 شاگردوں نے یہ دیکھا تو حیران ہوکر پُوچھنے لگے کہ، "یہ اَنجیر کا درخت ایک دَم کیسے سُوکھ گیا؟"
21 یِسوعؔ نے جَواب دیا، "میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ اگر تُم ایمان رکھو اَور شک نہ کرو تو، تُم نہ صِرف وُہی کروگے جو اَنجیر کے درخت کے ساتھ ہُوا، لیکن اگر اِس پہاڑ سے بھی کہو گے، ’اَپنی جگہ سے اُکھڑ جا اَور سمُندر میں جا گِر،‘ تو یہ بھی ہو جائے گا۔ 22 اَورجو کُچھ دعا میں ایمان کے ساتھ مانگوگے وہ سَب تُمہیں مِل جائے گا۔"