14 علاوہ اَزیں ارتخشستاؔ بادشاہ کی سلطنت کے بیسویں بَرس سے لے کر جَب مَیں یہُودیؔہ کی سرزمین کا حاکم مُقرّر ہُوا اُس کے بتّیسویں سال تک یعنی بَارہ بَرس کے عرصہ تک نہ مَیں نے اَور نہ ہی میرے بھائیوں نے وہ کھانا جو حاکم کے لیٔے مخصُوص ہوتاہے کھایا۔ 15 لیکن میرے پیش رَو حاکم لوگوں پر ایک بھاری بوجھ بنے ہُوئے تھے۔ وہ رعایا سے غِذا اَور مَے کے علاوہ چالیس ثاقل چاندی5:15 چالیس ثاقل چاندی تقریباً 460 گرام لیتے تھے اَور اُن کے مُلازمین بھی لوگوں پر حُکومت جتاتے تھے۔ لیکن خُدا کے خوف کی وجہ سے مَیں نے اَیسا نہ کیا 16 بَلکہ اُس فصیل کے کام میں برابر مشغُول رہا۔ اَور میرے تمام مُلازمین بھی وہاں جمع ہوکر کام کرتے تھے۔ ہم نے تو زمین تک نہیں خریدی۔
17 علاوہ اَزیں ایک سَو پچاس یہُودی اَور اہلکار نیز وہ بھی جو گِردونواح کی اَقوام سے ہمارے پاس آتے تھے میرے دسترخوان پر کھانا کھاتے تھے۔ 18 میرے لیٔے ہر روز ایک بَیل، چھ موٹی تازی بھیڑیں اَور مُرغ وغیرہ تیّار کئے جاتے تھے۔ اَور ہر دسویں روز ہر قِسم کی مَے کثرت سے مُہیّا کی جاتی تھی۔ اِن سَب کے باوُجُود مَیں نے حاکم کے لیٔے مخصُوص خُوراک کبھی طلب نہ کی کیونکہ لوگ پہلے ہی غُلامی کے بوجھ تلے دبے ہُوئے تھے۔
19 اَے میرے خُدا! جو کچھ مَیں نے لوگوں کے لیٔے کیا ہے اُسے آپ مُجھ پر کرم فرما کے یاد رکھیں۔