حِکمت کا درجہ نہایت ہی اعلیٰ ہے
1 اَے میرے بیٹو! باپ کی تربّیت پر کان لگاؤ؛
متّوجہ ہو اَور فہم حاصل کرو۔
2 میں تُمہیں اَچھّی باتیں سِکھا رہا ہُوں،
لہٰذا میری تعلیم کو ترک نہ کرنا۔
3 میں بھی کبھی اَپنے باپ کے گھر میں بیٹا تھا،
اَور ابھی نازک اندام اَور اَپنی ماں کا لاڈلا تھا،
4 تَب باپ نے مُجھے تعلیم دی اَور کہا:
"اَپنے سارے دِل سے میری باتوں کو اَپنالو؛
اَور میرے اَحکام بجا لاؤ اَور زندہ رہو۔
5 حِکمت حاصل کرو، فہم کو اَپنالو؛
میری باتوں کو فراموش نہ کرو اَور نہ اُن سے منحرف ہونا۔
6 حِکمت کو ترک نہ کرو اَور وہ تمہاری حِفاظت کرےگی؛
اُس سے مَحَبّت رکھو اَور وہ تمہاری نگہبانی کرےگی۔