22 وہ عقلمند ہونے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن احمق نکلے۔ 23 اَور غَیر فانی خُدا کے جلال کو فانی اِنسان اَور پرندوں، چَوپایوں اَور رینگنے والے جانور کی صورت میں بدل ڈالا۔
24 اِسی لیٔے خُدا نے بھی اُنہیں اُن کے دِلوں کی گُناہ آلُودہ خواہشوں کے مُطابق شہوت پرستی کے حوالہ کر دیا تاکہ وہ اَپنے بَدنوں سے ایک دُوسرے کے ساتھ گندے اَور ناپاک کام کریں۔ 25 اُنہُوں نے خُدا کی سچّائی کو جھُوٹ سے بدل ڈالا، اَور خالق کی بہ نِسبت مخلُوقات کی پرستش میں زِیادہ مشغُول ہو گئے حالانکہ خالق ہی اَبد تک حَمد و سِتائش کے لائق ہے۔ آمین۔
26 اِسی سبب سے خُدا نے اُنہیں اُن کے دِلوں کی شرمناک خواہشات میں چھوڑ دیا یہاں تک کہ اُن کی عورتوں نے اَپنے طبعی جنسی فعل کو غَیر طبعی فعل سے بدل ڈالا۔ 27 اِسی طرح مَردوں نے بھی عورتوں کے ساتھ اَپنے طبعی جنسی فعل کو چھوڑ دیا اَور آپَس کی شہوت کے غُلام ہوکر ایک دُوسرے سے جنسی تعلّقات پیدا کرلئے۔ اِس کا نتیجہ یہ ہُوا کہ اُنہُوں نے اَپنی گمراہی کی مُناسب سزا پائی۔