کریتےؔ کی جماعت میں بُزرگوں کو مُقرّر کرنا
5 مَیں نے تُجھے جَزِیرہ کریتےؔ میں اِس لیٔے چھوڑا تھا کہ جو کام وہاں ادھورا رہ گیا تھا، تُو اُسے پُورا کر سکے اَور میرے حُکم کے مُطابق ہر شہر کی جماعت میں بُزرگوں کو مُقرّر کرے۔ 6 ہر پاسبان بے اِلزام اَور ایک ہی بیوی کا شوہر ہو، اُس کے بچّے ایمان والے ہوں اَور بدچلنی اَور نافرمانی کے اِلزام سے پاک ہو۔ 7 کیونکہ نگہبان کو خُدا کے گھر کا مُختار ہونے کی وجہ سے ضروُر بے اِلزام ہونا چاہئے۔ نہ تو وہ سخت دِل، گَرم مِزاج، شرابی جھگڑالو، یا ناجائز نفع کا لالچی ہو۔ 8 بَلکہ وہ مہمان نواز، خیر دوست، اَپنے نَفس پر قابُو رکھنے والا، راستباز، پاک اَور نظم و ضَبط والا ہو۔ 9 اَور ایمان کے کلام پرجو اِس تعلیم کے مُوافق ہے، قائِم رہنے والا ہو تاکہ وہ صحیح تعلیم سے دُوسروں کو نصیحت دے سکے اَور مُخالفوں کو بھی قائل کر سکے۔