زکریاہ کی نبوّت
67 اُس کا باپ زکریاہ روح القدس سے معمور ہو گیا اور نبوّت کر کے کہا،
68 "رب اسرائیل کے اللہ کی تمجید ہو!
کیونکہ وہ اپنی قوم کی مدد کے لئے آیا ہے،
اُس نے فدیہ دے کر اُسے چھڑایا ہے۔
69 اُس نے اپنے خادم داؤد کے گھرانے میں
ہمارے لئے ایک عظیم نجات دہندہ کھڑا کیا ہے۔
70 ایسا ہی ہوا جس طرح اُس نے قدیم زمانوں میں
اپنے مُقدّس نبیوں کی معرفت فرمایا تھا،
71 کہ وہ ہمیں ہمارے دشمنوں سے نجات دلائے گا،
اُن سب کے ہاتھ سے
جو ہم سے نفرت رکھتے ہیں۔
72 کیونکہ اُس نے فرمایا تھا کہ وہ ہمارے باپ دادا پر رحم کرے گا
73 اور اپنے مُقدّس عہد کو یاد رکھے گا،
اُس وعدے کو جو اُس نے قَسم کھا کر
ابراہیم کے ساتھ کیا تھا۔
74 اب اُس کا یہ وعدہ پورا ہو جائے گا:
ہم اپنے دشمنوں سے مخلصی پا کر
خوف کے بغیر اللہ کی خدمت کر سکیں گے،
75 جیتے جی اُس کے حضور مُقدّس اور راست زندگی گزار سکیں گے۔
76 اور تُو، میرے بچے، اللہ تعالیٰ کا نبی کہلائے گا۔
کیونکہ تُو خداوند کے آگے آگے
اُس کے راستے تیار کرے گا۔
77 تُو اُس کی قوم کو نجات کا راستہ دکھائے گا،
کہ وہ کس طرح اپنے گناہوں کی معافی پائے گی۔
78 ہمارے اللہ کی بڑی رحمت کی وجہ سے
ہم پر الٰہی نور چمکے گا۔
79 اُس کی روشنی اُن پر پھیل جائے گی
جو اندھیرے اور موت کے سائے میں بیٹھے ہیں،
ہاں وہ ہمارے قدموں کو سلامتی کی راہ پر پہنچائے گی۔"
Domínio Público. Esta tradução bíblica de domínio público é trazida a você por cortesia de eBible.org.