حُضُور یِسوعؔ کے مُجسّم ہونے کا اِنکار کرنے پر اِنتباہ کرنا
1 اَے عزیز دوستوں! تُم ہر ایک رُوح کا یقین مت کرو بَلکہ رُوحوں کو آزماؤ کہ وہ خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ بہت سے جھُوٹے نبی دُنیا میں نکل چُکے ہیں۔ 2 تُم خُدا کے پاک رُوح کو اِس طرح پہچان سکتے ہو کہ جو رُوح یہ اقرار کرے کہ یِسوعؔ المسیح مُجسّم ہوکر دُنیا میں تشریف لایٔے تو وہ خُدا کی طرف سے ہے۔ 3 لیکن جو رُوح یِسوعؔ کے مُجسّم ہونے کی بات کا اقرار نہ کرے تو وہ خُدا کی طرف سے نہیں ہے۔ یہی مُخالف المسیح کی رُوح ہے جِس کی خبر تُم سُن چُکے ہو کہ وہ آنے والا ہے بَلکہ اِس وقت بھی دُنیا میں مَوجُود ہے۔
4 اَے پیارے چُھوٹے بچّوں! تُم خُدا سے ہو اَور اُن پر غالب آ گئے ہو کیونکہ جو تُم میں ہے وہ اُس سے کہیں زِیادہ بڑا ہے جو دُنیا میں ہے۔