5 اگر سَب بھایٔی ایک ہی خاندان میں ساتھ مِل کر رہتے ہُوں اَور اُن میں سے ایک بھایٔی بے اَولاد مَر جائے تو اُس کی بِیوہ کی شادی کسی اجنبی آدمی سے نہ کی جایٔے جو اُس خاندان سے تعلّق نہ رکھتا ہو۔ اُس کے خَاوند کا بھایٔی اُسے اَپنی بیوی کے طور پر قبُول کرکے اُس سے شادی کر لے اَور اُس کے ساتھ دیور کا حق اَدا کرے۔ 6 اَور اُس عورت کے جو پہلا بیٹا ہوگا وہ اُس مرحُوم بھایٔی کے نام کا کَہلایٔےگا تاکہ مرحُوم کا نام اِسرائیل سے مِٹ نہ جایٔے۔
7 لیکن اگر وہ آدمی اَپنی بھاوج سے شادی کرنا نہ چاہے تو وہ عورت پھاٹک پر بُزرگوں کے پاس جائے اَور کہے، "میرا دیور اَپنے بھایٔی کا نام اِسرائیل میں قائِم رکھنے سے اِنکار کر رہاہے اَور میرے ساتھ دیور کا حق اَدا کرنا نہیں چاہتا۔" 8 تَب اُس شہر کے بُزرگ اُس آدمی کو بُلوا کر اُسے سمجھائیں۔ لیکن اگر وہ اَپنی بات پر قائِم رہے اَور کہے، "میں اِس عورت سے شادی نہیں کرنا چاہتا ہُوں،" 9 تَب اُس کے بھایٔی کی بِیوہ بُزرگوں کے سامنے اُس کے پاس جا کر اُس کی ایک جُوتی اُتار لے اَور اُس کے مُنہ پر تھُوک دے اَور کہے، "جو آدمی اَپنے بھایٔی کا گھر آباد نہیں کرنا چاہتا اُس کے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کیا جاتا ہے۔" 10 تَب اِسرائیلیوں میں اُس کا نام یُوں جانا جائے گا، یہ اُس آدمی کا گھر ہے جِس کی جُوتی اُتاری گئی ہے۔