نئی اِنسانیّت
17 اِس لیٔے مَیں خُداوؔند کے نام کا واسطہ دے کر تُم سے کہتا ہُوں کہ آئندہ کو غَیریہُودیوں کی مانِند جو اَپنے بےہوُدہ گواہی کے خیالات کے مُطابق چلتے ہیں، زندگی نہ گزارنا۔ 18 اُن کی عقل تاریک ہو گئی ہے اَور وہ اَپنی سخت دِلی کے باعث جہالت میں گِرفتار ہیں، اَور خُدا کی دی ہُوئی زندگی میں اُن کا کویٔی حِصّہ نہیں۔ 19 تمام حساسیت کو کھونے کے بعد، اُنہُوں نے اَپنے آپ کو شہوت پرستی کے حوالہ کر دیا ہے، اَور وہ ہر طرح کے ناپاک کام بڑے شوق سے کرتے ہیں۔