پطرس پر پَولُسؔ کی ملامت
11 جَب کیفؔا انطاکِیہؔ شہر میں آیا، تو مَیں نے سَب کے سامنے کیفؔا کی مُخالفت کی، کیونکہ وہ ملامت کے لائق تھا۔ 12 بات یہ تھی کہ وہ یعقوب کی طرف سے چند اَشخاص کے بھیجے جانے سے پیشتر، غَیریہُودیوں کے ساتھ کھانا کھا لیا کرتے تھے۔ مگر جَب وہ لوگ وہاں پہُنچے، تو پطرس نے مختونوں کے خوف سے غَیریہُودیوں سے کنارہ کر لیا۔ 13 باقی یہُودی مسیحی بھائیوں نے اِس ریاکاری میں پطرس کا ساتھ دیا، یہاں تک کہ اُن کی ریاکاری سے بَرنباسؔ کے قدم بھی ڈگمگا گیٔے۔
14 جَب مَیں نے دیکھا کہ اُن کی یہ حرکت خُوشخبری کی سچّائی کے برخلاف ہے تو مَیں نے سَب کے سامنے کیفؔا سے کہا، "تُم یہُودی ہونے کے باوُجُود، غَیریہُودیوں کی طرح زندگی گزارتے ہو۔ تو کِس مُنہ سے، غَیریہُودیوں کو مجبُور کرتے ہو کہ وہ یہُودیوں کے رسم و رِواج کی پیروی کریں؟