سَب کا بھلا چاہنا
1 اَے بھائیو اَور بہنوں! اگر کویٔی شخص کسی قُصُور میں پکڑا جائے، تو تُم جو پاک رُوح کی ہدایت پر چلتےہو، اَیسے شخص کو نرم مِزاجی کے ساتھ بحال کر دو۔ اَور ساتھ ہی اَپنا بھی خیال رکھو کہ کہیں تُم بھی کسی آزمائش کا شِکار نہ ہو جاؤ۔ 2 ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھانے میں مددگار بنو، اَور یُوں المسیح کی شَریعت کو پُورا کرو۔ 3 اگر کویٔی اَپنے آپ کو کچھ سمجھتا ہے لیکن کچھ بھی نہیں ہے، تو وہ خُود کو دھوکا دیتاہے۔ 4 چنانچہ ہر شخص اَپنے ہی کِردار کا اِمتحان لے۔ تو اُسے کسی دُوسرے سے مُقابلہ کیٔے بغیر خُود ہی پر فخر کرنے کا موقع ملے گا، 5 کیونکہ ہر ایک اَپنے ہی کاموں کا ذمّہ دار ہے۔