اِسرائیل سے خُدا کی مَحَبّت
1 جَب اِسرائیل بچّہ ہی تھا کہ مَیں نے
اُس سے مَحَبّت کی، اَور اَپنے بیٹے کو مِصر سے بُلایا۔
2 لیکن جِتنا زِیادہ میں اِسرائیل کو بُلاتا گیا،
وہ مُجھ سے اَور دُور جاتے رہے۔
اُنہُوں نے بَعل معبُودوں کے لیٔے قُربانیاں پیش کیں
اَور بُتوں کے سامنے بخُور جَلایا۔
3 مَیں نے اِفرائیمؔ کو چلنا سِکھایا،
اَور اُنہیں گود میں اُٹھایا؛
لیکن اُنہُوں نے یہ نہ جانا
کہ مَیں نے ہی اُنہیں شفا بخشی۔
4 مَیں اُنہیں اِنسانی شفقت کی رسّیوں،
اَور مَحَبّت کے رشتہ میں جکڑ کر لے گیا؛
مَیں نے اُن کی گردن پر سے جُوا ہٹایا
اَور جھُک کر اُنہیں کھانا کھِلایا۔
8 اَے اِفرائیمؔ! مَیں تُجھ سے کیسے دست بردار ہو جاؤں؟
اَور اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیسے ترک کروں؟
مَیں تیرے ساتھ اَدمہؔ کی مانند کیسے سلُوک کروں؟
اَور تُجھے ضبوئیمؔ کی مانند کیسے بناؤں؟
میرے دِل میں تغیُّر آ چُکاہے؛
اَور میری تمام شفقت اُمنڈ آئی ہے۔
9 مَیں اَپنے قہر شدید کو بھڑکنے نہ دُوں گا،
نہ مَیں پلٹ کر اِفرائیمؔ کو تباہ کروں گا۔
کیونکہ مَیں خُدا ہُوں، اِنسان نہیں۔
تمہارے درمیان سکونت کرنے والا قُدُّوس ہُوں۔
مَیں قہر لے کر نہ آؤں گا۔