طرفداری کی مناہی
1 اَے میرے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جو ہمارے جلالی خُداوؔند یِسوعؔ المسیح پر ایمان رکھتے ہو، طرفداری نہ دِکھایا کرو۔ 2 فرض کرو کہ ایک شخص سونے کی انگُوٹھی اَور نفیس لباس پہن کر تمہاری جماعت میں آئے، اَور ایک غریب شخص مَیلے کُچیلے کپڑے پہنے ہویٔے آئے۔ 3 اَور تُم اُس عُمدہ پوشاک والے کا خاص لِحاظ کرکے اُس سے کہو، "جَناب! آپ یہاں اَچھّی جگہ بیٹھیٔے" اَور اُس غریب شخص سے کہو، "تُو وہاں کھڑا رہ" یا "میرے پاؤں کے پاس فرش پر بیٹھ جا۔" 4 تو کیا تُم نے باہم طرفداری نہ کی اَور بدنیّتی سے فیصلہ نہیں کیا؟