ہاگارؔ اَور سارہؔ کی مثال
21 مُجھے بتاؤ! تُم جو شَریعت کے ماتحت ہونا چاہتے ہو، کیا شَریعت کی باتیں سُننے کے لیٔے تیّار نہیں؟ 22 صحیفہ میں لِکھّا ہے کہ حضرت اَبراہامؔ کے دو بیٹے تھے، ایک لونڈی سے، دُوسرا آزاد عورت سے۔ 23 لونڈی کا بیٹا عام جِسمانی بچّوں کی طرح، لیکن آزاد کا بیٹا خُدا کے وعدہ کے مُطابق پیدا ہُوا۔
24 یہ باتیں تمثیل کے طور پر ہیں: اِس لیٔے یہ عورتیں گویا دو عہد ہیں۔ ہاگارؔ اُس عہد کی مثال ہے جو کوہِ سِینؔائی پر باندھا گیا: اَور جِس سے غُلام ہی پیدا ہوتے ہیں۔ 25 اَور وہ ہاگارؔ، عربؔ کے کوہِ سِینؔائی کی مانِند ہے جِس کا مُقابلہ مَوجُودہ یروشلیمؔ سے کیا جا سَکتا ہے، جو اَپنے لڑکوں یعنی باشِندوں سمیت غُلامی میں ہے۔ 26 مگر آسمانی یروشلیمؔ آزاد ہے اَور وُہی ہماری ماں ہے۔