اِختتام
7 جَب یَاہوِہ ایُّوب سے یہ باتیں فرما چُکے، تَب خُدا نے اِلیفزؔ تیمانی سے فرمایا: "میں تُم سے اَور تمہارے دونوں دوستوں سے خفا ہُوں کیونکہ تُم نے میرے بارے میں وہ نہ کہا جو سچ ہے جَیسا کہ میرے خادِم ایُّوب نے کہا۔ 8 پس اَب سات بَیل اَور سات مینڈھے لے کر اَور میرے خادِم ایُّوب کے پاس جا کر اَپنے لیٔے سوختنی نذر پیش کرو۔ میرا خادِم ایُّوب تمہارے لیٔے دعا کرےگا، اَور مَیں اُس کی دعا قبُول کروں گا، اَور مَیں تمہاری حماقت کے مُطابق تُم سے سلُوک نہ کروں گا۔ تُم نے میرے بارے میں وہ نہیں کہا جو حق ہے جَیسے میرے خادِم ایُّوب نے کہاتھا۔"